کیوی ٹیم کو آسان نہیں لیں گے، ملکی آرتھر

ہمارے پیسرز بھی سوئنگ کے ہتھیار سے لیس ہیں، دونوں ٹیموں کی اصل قوت سیمرز ہیں، ہیڈ کوچ

منگل 8 نومبر 2016 20:38

کیوی ٹیم کو آسان نہیں لیں گے، ملکی آرتھر
نیلسن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 نومبر2016ء) قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہاکہ بھارت میں مسلسل ناکامیوں کے باوجود ہوم کنڈیشنز میں کیوی ٹیم کو آسان نہیں لیا جا سکتا، ہم تین ماہ قبل ہی انگلش کنڈیشنز میں مثبت کھیل پیش کرنے میں کامیاب ہوئے تھے، نیوزی لینڈ میں صورتحال دبئی سے بہت مختلف لیکن انگلینڈ جیسی ہوگی۔امید کہ کھلاڑی کیویز کیخلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب ہوںگے، انھوں نے کہا کہ دورئہ انگلینڈ کیلئے بھی قبل ازوقت پہنچ کر پلیئرز کو ذہنی اور جسمانی طور پر تیار کیا تھا،اس بار بھی یہی کوشش کر رہے ہیں کہ پوری توجہ سے ٹریننگ کرتے ہوئے مشکل چیلنج کی تیاری کریں۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز سیم بولنگ کیلئے انتہائی موزوں ہیں، میزبان ٹیم کو تجربہ کار سیمرز کی خدمات حاصل ہیں جو ہماری بیٹنگ لائن کا سخت امتحان لیںگے۔

(جاری ہے)

البتہ ہمارے پیسرز بھی سوئنگ کے ہتھیار سے لیس ہیں، دونوں ٹیموں کی اصل قوت سیمرز ہیں، جس ٹیم کے ابتدائی 6بیٹسمینوں نے بہتر کارکردگی دکھائی وہی سرخرو ہوگی، انھوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ ایک خطرناک ٹیم ہے، تمام ہتھیاروں سے لیس ہونے کے باوجود پاکستان کیلئے یہ ایک مشکل سیریز ہو گی، توقع کی جاسکتی ہے کہ شائقین کو جاندار مقابلوں میں بہترین کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گی۔ ایک سوال پر مکی آرتھر نے کہا کہ ٹیم کمبی نیشن کے حوالے سے حکمت عملی خاصی حد تک واضح ہے۔