نیوزی لینڈ سیریز،پاکستانی کھلاڑیوں نے مطلع صاف ہوتے ہی لہو گرمانا شروع کر دیا

منگل 8 نومبر 2016 19:22

نیوزی لینڈ سیریز،پاکستانی کھلاڑیوں نے مطلع صاف ہوتے ہی لہو گرمانا ..

نیلسن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 نومبر2016ء) نیلسن میں مطلع صاف ہونے پر پاکستانی کرکٹرز کو لہو گرمانے کا موقع مل گیا، مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلئے کوشاں کھلاڑیوں نے ڈرلز اور فیلڈنگ کے ساتھ نیٹ میں بیٹنگ اور بولنگ پریکٹس کی۔ تفصیلات کے مطابق وارم اپ میچ کیلئے نیلسن میں موجود پاکستانی کرکٹرز بارش کے سبب اتوار کو انڈور ٹریننگ تک محدود رہے تھے، مطلع صاف ہوتے ہی انھوں نے سرد موسم میں لہو گرمانا شروع کردیا۔

(جاری ہے)

یواے ای میں ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے قطعی مختلف کنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلئے کھلاڑیوں نے ڈرلز، فیلڈنگ پریکٹس اور بھرپور نیٹ سیشن بھی کیا۔ ماحول اور پچز سے بخوبی آگاہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ میں انکے معاون گرانٹ فلاور باؤنس اور سیم والی ٹرف پر گیندوں کا بہتر انداز میں سامنا کرنے کیلئے بیٹسمینوں کی رہنمائی کرتے رہے، بولنگ کوچ اظہر محمود نے پیسرز کے ساتھ طویل سیشن کیا، مینجمنٹ نے متوقع پلاننگ اور ٹیم کمبی نیشن پر بھی غور کیا، نیوزی لینڈ ’’اے‘‘ کیخلاف 3 روزہ وارم اپ میچ11نومبر سے شروع ہوگا۔