بھارت جنگی جنون سے باہر نکل کر اصل تنازعہ مسئلہ کشمیر کے حل کی طرف آئے اور کشمیریوں سے کیے گئے وعدے پورے کرے‘ بھارتی سرکارہٹ دھرمی اور میں نہ مانوں کی پالیسی ختم کر کے کشمیریوں کو استصواب رائے کا موقع دے

سیاسی و سماجی اور کشمیری حریت پسند رہنما عدنان دین راجہ کی صحافیوں سے بات چیت

منگل 8 نومبر 2016 14:08

قطر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 نومبر2016ء) سیاسی و سماجی اور کشمیری حریت پسند رہنما عدنان دین راجہ نے کہا ہے کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ جنگی جنون سے باہر نکل کر اصل تنازعہ مسئلہ کشمیر کے حل کی طرف آئے اور کشمیریوں سے کیے گئے وعدے پورے کرے۔ بھارتی سرکارہٹ دھرمی اور میں نہ مانوں کی پالیسی ختم کر کے کشمیریوں کو استصواب رائے کا موقع دے تا کہ کشمیری عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں۔

مودی کا جنگی جنون کسی طور بھی خطے کے مفاد میں نہیں ہے۔ مودی جنگی جنون سے نکل کر بھارت میں غربت کے خاتمے اور غریبوں کی حالت زار پر توجہ دیں۔ان خیالات کا اظہار اُنھوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اُنھوں نے کہا کہ بھارت ظلم و جبر اور تباہ کن اسلحہ کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ٹھنڈا نہیں کرسکا،کشمیر میں ہر نیا دن بھارت کیلئے ذلت اور رسوائی کا پیغام لیکر طلوع ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

بھارت نے جنوبی ایشیا کا امن تباہ کرنے کی ٹھانی ہوئی ہے اس لیے بھارت اپنے ناپاک عزائم کو جلا بخش رہا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں آگ اور خون کا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ہم بھارتی سرکار پر واضح کرنا چاہتے ہیں آزادی ہمارا حق ہے اور کشمیری قوم تحریک آزادی کو کامیاب بنانے کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کر یگی۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے ٹھیکیدار مسئلہ کشمیر حل کروائیں۔

نریندر مودی کو ہندوستان کی حکومت مبارک ہو مگر کشمیر کی سلگتی چنگاری کو ہوا نہ ہی دیں تو اچھا ہو گا ایسا نہ ہو کہ اس سلگتی چنگاری سے اٹھنے والے شعلوں سے تمہارا وجود برقرار نہ رہ سکے ریاست جموں کشمیر میں بسنے والہ ہر کشمیری کشمیر کا وارث ہے کوئی ریاست حملہ آور کو یہ حق نہیں کہ وہ ریاست پوزیشن کو متزلزل کر سکے ریاست کشمیر کے عوام جذبہ آزادی سے سرشار ہیں اور آزادی کے حصول تک جدو جہد جاری رکھیں گے۔