فیڈریشن اسلام آباد میں عالمی مقابلوں کے کامیاب انعقاد کے بعد کراچی لاہور اور پشاور میں بھی انعقاد پر غور کر رہی ہے، ملک میں پی ایس اے کے ایونٹس بحال ہوچکے، بہت جلد بڑے سکواش کے مقابلے بھی شروع ہونگے، پاکستان سکواش کی دنیا میں دوبارہ اپنا مقام بحال کرلے گا، قومی کھلاڑی چیف آف ایئر سٹاف انٹر نیشنل سکواش چیمپئین شپ اپنے نام کرینگے،گروپ کیپٹن عامر نواز

منگل 8 نومبر 2016 12:38

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 نومبر2016ء) پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری گروپ کیپٹن عامر نواز نے کہا ہے کہ فیڈریشن اسلام آباد میں عالمی مقابلوں کے کامیاب انعقاد کے بعد دیگر شہروں کراچی لاہور اور پشاور میں بھی بین الاقوامی مقابلوں کے انعقاد پر غور کر رہی ہے، ملک میں کئی سال سے پی ایس اے کے ایونٹس بحال ہوچکے ہیں امید ہے بہت جلد یہاں پر بڑے سکواش کے مقابلے بھی شروع ہونگے اور پاکستان سکواش کی دنیا میں دوبارہ اپنا مقام بحال کرلے گا، چیف آف ایئر سٹاف انٹر نیشنل سکواش چیمپئین شپ کیلئے قومی کھلاڑیوں نے بھر پور محنت کی ہے توقع رکھتے ہیں کہ اس ایونٹ میں پاکستان کامیابی حاصل کر ے گا۔

منگل کو اے پی پی کو انٹرویو دیتے ہوئے گروپ کیپٹن عامر نواز نے کہا کہ پاکستان کئی سالوں سے پی ایس اے کے ایونٹس سے محروم رہا تاہم چیف آف ائیر سٹاف ائیر چیف سہیل امان کی ذاتی دلچسپی اور کوششوں سے ملک میں پی ایس اے کے ایونٹس بحال ہو چکے ہیں اور گزشتہ کئی سال سے فیڈرشن پی ایس اے کے ایونٹس کا کامیابی سے انعقاد کر رہی ہے اور ان مقابلوں میں دنیا کے نامور کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کئی سالوں سے اسلام آباد میں بین الاقوامی مقابلے بحال ہوئے ہیں۔ یہاں پر کامیاب انعقاد کے بعد فیڈریشن ملک کے دیگر شہروں کراچی، لاہور اور پشاور میں بھی بین الاقوامی مقابلوں کے انعقاد کرے گی۔ گروپ کیپٹن عامر نواز نے کہاکہ رواں سال چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف نیول سٹاف سکوائش چیمپین شپ میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہا تاہم آئندہ ہفتے سے اسلام آباد میں شروع ہونے والی چیف آف ایئر سٹاف انٹرنینشل سکوائش چیمپین شپ کیلئے قومی کھلاڑیوں میں بھرپور محنت کی ہے۔

امید ہے اس ایونٹ میں قومی کھلاڑی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ٹائٹل اپنے نام کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ فیڈریشن ملک میں 50ہزار ڈالر پی ایس اے سمیت دیگر بڑے مقابلوں کے انعقاد کیلئے کوشاں ہیں۔ ایئر چیف جس طرح سکوائش کے ساتھ دلچسپی لے رہے ہیں امید ہے کہ بہت جلد پاکستان کا نام سکوائش کے میدان میں رونما ہو جائیگا۔ انہوںنے کہاکہ فیڈریشن کے ساتھ سابق نامور کھلاڑی جان شیر خان، قمرالزمان اور جہانگیر خان ملک میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے کوششیں کررہے ہیں۔

امید ہے کہ وہ جلد باصلاحیت نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے اور وہ سابق نامور کھلاڑیوں کے نقش قدم پر چل کر بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیف آف ایئر سٹاف انٹر نیشنل سکواش چیمپئین شپ میںغیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ 14 نومبر سے شروع ہوگا۔ ہانگ کانگ کے لیوآن انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ میں ٹاپ سیڈ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ چیف آف ایئر سٹاف انٹر نیشنل سکواش چیمپئین شپ 14سے 21 نومبر تک مصحف علی سکواش کمپلیکس، اسلام آباد میں کھیلی جائے گی جس میں ہانگ کانگ، سکاٹ لینڈ، مصر، ہالینڈ، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، آسٹریا اور اردن کے 11 غیر ملکی کھلاڑی شرکت کریں گے۔ چیف آف ایئر سٹاف انٹر نیشنل سکواش چیمپئین شپ کے پری کوالیفائنگ راونڈ 14نومبر، کوالیفائنگ راونڈ 16سی17 نومبر جبکہ ایونٹ کا مین راونڈ 18سی21 نومبر تک کھیلا جائے گا۔

سیکر ٹری نے کہا کہ پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن (پی ایس ای) نے رواں سال پاکستان کو 25,25 ہزار ڈالر کے چار بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی دی ہے جس میں چیف آف آرمی سٹاف انٹر نیشنل سکواش چیمپئین شپ اور چیف آف نیول سٹاف انٹر نیشنل سکواش چیمپئین شپ کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا ہے اور اس میں نامور غیر ملکی کھلاڑیوں نے حصہ لیا اسی طرح تیسرے ایونٹ چیف آف ایئر سٹاف انٹر نیشنل سکواش چیمپئین شپ 14سے 21 نومبر تک اسلام آباد میں کھیلا جائیگا جبکہ چوتھا اور آ خری ایونٹ31 دسمبر سی6 جنوری2017 تک کھیلا جائے گا۔