محکمہء ثقافت ٬سیاحت و نوادرات حکومت سندھ نے امریکا اور ترکی سمیت مشرق و مغرب کے تمام ممالک کو بڑی پیش کش کر دی

پیر 7 نومبر 2016 22:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2016ء) محکمہء ثقافت ٬سیاحت و نوادرات حکومت سندھ نے امریکا اور ترکی سمیت مشرق و مغرب کے تمام ممالک کو بڑی پیش کش کر دی ہے۔ علم و ثقافت کے پھلائو میں دلچسپی لینے والے ہر ملک کو صوبہ سندھ میں محکمہء ثقافت و سیاحت کی جانب سے تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔صوبائی وزیرِ ثقافت سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ اپنی ثقافت و تہذیب کو دنیا بھر میں متعارف کرانے کے لئے ثقافتی تبادلے کے پروگرام شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

جس کے حوالے سے تمام ممالک کے قونصل جنرلز کو خط لکھے گئے ہیں۔ امریکا کے بعد ترکی نے سندھ کے مختلف لائبریرز میں ثقافتی کارنرز قائم کرنے میں پہل کی ہے جس کی حکومتی سطح پر پذیرائی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیرِ ثقافت و سیاحت سید سردار شاہ نے امریکا اور ترکی کے قونصل جنرلز کے ساتھ لنکن کارنراور پاک ترک کلچرل کامپلیکس کے قیام کے حوالے سے یادداشتی معاہدوںپر دستخطی تقریب سے خطاب اور بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔

ترکی کے قونصل جنرل کیگری یوسین ٬ حسن کوبیک اور موسیٰ ارباس پر مشتمل ترکی کے وفد نے آج محکمہء ثقافت سندھ کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے صوبائی وزیر ثقافت کے ساتھ سندھ ترک کلچرل کامپلیکس کے قیام کے حوالے سے ایم او یو پر دستخط کیے۔ ترکی کی طرف سے کلچرل انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر موسیٰ ارباس نے جب کہ محکمہء ثقافت کی طرف سے محکمہء کے سیکریٹری اکبر لغاری نے معاہدے پر دستخط کئے۔

معاہدے کی رو سے ترکی محکمہء ثقافت کی کراچی میں قائم لیاقت میموریل لائبریری میں ترکش کلچرل کامپلیکس قائم کرے گا جہاں پر ترک زبان کی کلاسیں اور مختلف ثقافتی پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ اس موقعہ پر صوبائی وزیر سید سردار شاہ نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین تاریخی٬ سیاسی٬ سماجی و ثقافتی دیرینہ تعلقات ہیں حتیٰ کہ سندھ کا شعرو اور ادب ترکی کے لیٹریچر سے بہت حد تک مماثلت رکھتا ہے ۔

جلال الدین رومی اور شاہ لطیف کی شکل میں دونوں ممالک کے درمیاں صوفی ازم کی دیرینہ ہم آہنگی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ ترک کلچرل سینٹر کے قیام سے سندھ اور ترکی کی ثقافتی٬ علمی و ادبی مشترکہ سرگرمیوں کا انعقاد ہوگا اور اس کے علاوہ سندھ اور ترکی کے ثقافتی پروگرامز بھی منعقد ہونگے جس میں دونوں ممالک کے فنکار اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں گے۔

بعدازاں محکمہء ثقافت کے ساتھ امریکا نے بھی ایک ایسے ہی ایم او یو پر دستخط کئے جس کی رو سے لیاقت نیشنل لائبریری میں قائم لنکن کارنر کی مدت میں تین سال کی توسیع کر دی گئی ہے ۔ امریکا کی طرف سے ایم او یو پر امریکن قونصل جنرل گریس شلٹن اور محکمہء ثقافت کی طرف سے صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ نے معاہدے پر دستخط کئے۔ اس موقعہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ ثقافت سید سردار علی شاہ نے کہا کہ امریکا پاکستان کا دیرینہ اور قریبی دوست ہے اور امریکا کے ساتھ سیاسی تعلقات کے علاوہ سماجی٬ ثقافتی٬ علمی و ادبی سرگرمیاں بڑھانے کے لئے یہ اقدامات کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ میں چار لنکن کارنرز کام کر رہے ہیں جن میں کراچی٬ حیدرآباد٬ لاڑکانہ اور خیرپور شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امریکا سمیت تمام ممالک کے قونصل جنرلز کے ساتھ ثقافت و سیاحت کے فروغ کے لئے مختلف معاملات پر بات چیت کا عمل جاری ہے اور ہم نے قونصل جنرلز کو خط بھی لکھے ہیںتاکہ سندھ کی ثقافت کو دنیا کے تمام ممالک میں روشناس کرانے کا پروگرام شروع کیا جا سکے۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ سیاحت٬ ہیریٹیج اور آرکیالاجی سمیت میوزیمولاجی ٬ لائبریری سائنس اور ہیریٹیج کیپنگ کے شعباجات میں مختلف ممالک کے ماہریں سے تربیت فراہم کرانے کا پلان بھی زیرِ غور ہے جس کے حوالے سے امریکا اور برطانیہ سے بات چیت بڑھائی گئی ہے۔ سردار شاہ نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سندھ کے نوجوانوں کو جدید علوم اور بین الاقوامی ثقافتی ہم آہنگی پر مبنی علوم سے متعارف کرایا جائے۔ اس کے علاوہ جو بھی ممالک صوبہ سندھ میں ثقافتی و سیاحتی میدان میں کام کرنا چاہتے ہیں تو سندھ حکومت کے توسط سے محکمہ ثقافت ان کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گا۔

متعلقہ عنوان :