امن و امان کی بحالی کے بعد ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور توجہ مرکوز کردی ہے ٬گورنر سندھ

عوامی فلاح و بہبود کے تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے گا٬ اس ضمن میں شہر کے میگا پروجیکٹس پر بھی کام تیز رفتاری کے ساتھ جاری ہے لیاری ایکسپریس وے کا نارتھ با ئونڈٹریک اگلے سال مارچ تک مکمل کر کے ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا٬ ترقیاتی منصوبوں کا دورہ ٬ میڈیا سے گفتگو

پیر 7 نومبر 2016 22:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2016ء) گورنر سند ھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے شہرکے ترقیاتی منصوبوں کے دورے کے دوران لیاری ایکسپریس وے ٬ گرین اور اورنج لائن کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی مئیر ارشد وہرہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔ گورنر سندھ نے لیاری ایکسپریس وے کے نارتھ باؤنڈ ٹریک پر کام کی رفتار کا جائزہ بھی لیا اس موقع پر انھیںانجینئرز نے تفصیلی بریفنگ دی۔

میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ شہر میں امن و امان کی بحالی کے بعد ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور توجہ مرکوز کردی ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے گا اس ضمن میں شہر کے میگا پروجیکٹس پر بھی کام تیز رفتاری کے ساتھ جاری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے شہر کے ٹرانسپورٹ نظام کی بہتری کے ضمن میں نمایاں اہمیت کے حامل ہیں٬ ان کی تکمیل سے شہریوں کی ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ شہر اور صوبہ کے امن و امان کو دیرپا اور پائیدار بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے٬ جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن بلا تفریق اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح بہبود اولین ترجیح ہے اس ضمن میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے کیونکہ وفاقی و صوبائی حکومت کا وژن ہے کہ عوام کو بروقت سہولیات فراہم کی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے کے دوسرے ٹریک کی تکمیل سے شہر کے ٹرانسپورٹ نظام اور ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی ٬ تاخیر کے شکار منصوبہ پر 8 سال کی تاخیر کے بعد اس پر کام کا دوبارہ آغاز اس سال مارچ میں کیا گیا اور اسے جلد از جلد مکمل کرلیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ لیاری ایکسپریس کی تکمیل سے شہر میں ٹریفک کا دبائو کم ہوجائیگا٬ اس منصوبہ سے عوام کے سفری وقت میں بھی کمی آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے منصوبہ میں التوا ء کی وجوہات تجاوزات اور عدالتوں میں مقدمات تھے لیکن ایک مربوط حکمت عملی کے تحت تمام مسائل حل کرلئے گئے جس کے بعد منصوبہ پر کام دوبارہ شروع کردیا گیا ہے ٬ منصوبہ پر تیزی رفتاری سے کام جاری ہے اور اسے بر وقت مکمل کرلیا جائے گا ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ماس ٹرانزٹ منصوبہ کے تحت شہر میں جاری گرین لائن منصوبہ پر بھی تیزی سے کام جاری ہے اس منصوبہ کے تحت نارتھ کراچی سے صدر تک عوام کو تیز رفتار سفری سہولیات حاصل ہو سکیں گی ٬ منصوبہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے مکمل کیا جارہا ہے ۔ لیاری ایکسپریس وے کی بریفنگ میں گورنر سندھ کو بتایا گیا کہ سندھی ہو ٹل سے تین ہٹی تک کا رائٹ وے مل گیا ہے جس پر تیزی سے کام جاری ہے ۔

ڈپٹی کمشنر ضلع غربی نے بتا یا کہ لیاری ایکسپریس وے کا ضلع غربی میں واقع حصہ خالی کرکے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے حوالے کردیا گیا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی نے بتایا کہ ان کے ضلع میں واقع لیاری ایکسپریس وے کا حصہ جلد ایف ڈبلیو او کے حوالے کردیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نارتھ با ئونڈٹریک اگلے سال مارچ تک مکمل کر کے ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا جس سے شہر سے ٹریفک کے دبائو کو کم کرنے میں مدد ملے گی ۔

گرین اور اورنج لائن کی بریفنگ مین گورنر سندھ کو بتایا گیا کہ بورڈ آفس ٬ کے ڈی اے چورنگی ٬ فائیو اسٹار اور سخی حسن انٹر سیکشن اگلے سال مارچ تک مکمل ہو جائیں گے جبکہ اورنج لائن کا کام فروری 2017 ء تک مکمل کرلیا جائے گا جس سے اورنگی سے آنے والی ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی ۔ گورنر سندھ نے کراچی سرکلر ریلوے کے بارے میں ایک سوال پر کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ اسے ترک کردیا گیا ہے ٬ جا پان کی ترقیاتی ایجنسی جائیکا نے اس منصوبہ کی فزیبلٹی اسٹڈی کی ہے اور اس ضمن میں جلد مثبت پیش رفت کی توقع ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی میئر کو ہدایت کی ہے کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کریں اور اگر ضرورت محسوس کریں تو ان سے کسی بھی وقت رابطہ کرکے اس ضمن میں درپیش مسائل اور رکاوٹوں کے بارے میں بتا سکتے ہیں ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وفاقی ٬ صوبائی او ر بلدیہ عظمیٰ کے تمام منصوبے کراچی کے ہیں اور نھیں با لاخر منتخب نمائندوں نے ہی چلانا ہے ۔

متعلقہ عنوان :