میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے سیکٹر ڈی 12 کے باقی ماندہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل کیلئے 198 ملین روپے کی منظوری دیدی

․سیکٹر D-12 میں پانچ پارکوں کے علا وہ سیوریج سسٹم ٬ْ ڈرینج سسٹم اور سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا باقی ماندہ کام فوری مکمل کرنے کی ہدایت

پیر 7 نومبر 2016 20:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2016ء)میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے اسلام آباد کے سیکٹر ڈی 12 کے باقی ماندہ ترقیاتی کاموں کی فوری تکمیل کیلئے 198 ملین روپے کی منظوری دیدی ہے۔ یہ منظوری سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کی زیرِ صدارت جائزہ اجلاس میں دی گئی۔

اجلاس میں میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد اور سی ڈی اے کے افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں سیکٹر ڈی 12 میں سٹریٹ لائیٹس کی تنصیب کیلئے مزید 5 ملین اور ڈی 12 مرکز کی تعمیر کیلئے 193 ملین روپے کی منظوری دی گئی۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو بتایا گیا کہ سیکٹر ڈی 12 کی تمام اہم شا ہرائوں پر نصب سٹریٹ لائٹس کو روشن کر دیا گیا ہے ٬ْ نکا سی آب اور سیوریج سسٹم کی تنصیب کے باقیماندہ کام مکمل کرکے سیکٹر کی تمام شاہرائوںپر بھی سٹریٹ لائٹس نصب کر کے روشن کر دی جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہیں بتایا گیا کہ سیکٹر ڈی 12 میں بڑھتی ہوئی تعمیراتی سرگرمیوں اور سیکٹر میں رہائش پذیر لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اس سیکٹر کے مرکز کو مکمل طور پر آباد کرنے کے لیے آئندہ چند دنوں میں ٹینڈر کر کے تعمیراتی کام شروع کر دیا جائے گا۔انہیں بتایا گیا کہ سیکٹر ڈی 12 میں باقی ماندہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل تیزی سے کی جا رہی ہے۔

اس موقع پر میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ سیکٹر D-12 کے ترقیاتی کاموں کی تکمیل ان کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیکٹر D-12 کے رہائشیوں کی روزمرہ کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے مرکز کے کمرشل پلاٹ نیلام کیے جا چکے ہیں اور آنے والی نیلامی میں بھی اس مرکز کے مزید کمرشل پلاٹ نیلام کیے جائیں گے تاکہ اس سیکٹر کے رہائشیوں کی ضروریات کو سیکٹر D-12 میں ہی پورا کیا جا سکے۔

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ سیکٹرD-12 کے مرکز میں ترقیاتی کاموں کے لیے 193 ملین روپے کی منظوری دے دی گئی ہے جس کے تحت اس مرکز کے فٹ پاتھوں ٬سیوریج سسٹم ٬کار پارکنگ اور رابطہ سڑکوں٬ لینڈ سکیپنگ سمیت دیگر ترقیاتی کام مکمل کروائے جائیں گے۔ شیخ انصر عزیز نے کہا کہ اسلام آبا د کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے سیکٹر D-12 کی جلد از جلد تکمیل از حد ضروری ہے۔

انہوں نے سیکٹر D-12 میں پانچ پارکوں کے علا وہ سیوریج سسٹم ٬ ڈرینج سسٹم اور سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا باقی ماندہ کام بھی فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے انوائرنمنٹ ونگ کو ہدایت کی سیکٹر D-12کی تمام میڈین سٹرپس کی ڈویلپمنٹ ٬ لینڈ سکیپنگ اور گھا س لگا یا جائے جبکہ سیکٹر کی تمام چھوٹی بڑی سڑکوں کے اردگرد سایہ دار درخت لگانے کے علاوہ گیس٬ بجلی اور پانی کی سہولیات کی فراہمی کو بھی جلد از جلد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سیکٹر D-12 میں مشینری پول آرگنائزیشن (ایم پی او) کی ہیوی مشینری نے کارپیٹنگ کا کام بھی شروع کر دیا ہے جس میں تمام بڑی شاہرائوں کی کارپیٹنگ کے بعد پورے سیکٹر کی کارپیٹنگ کی جائے گی۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ شاہراہِ دستور کی کارپیٹنگ اپنے وسائل سے کرنے سے کروڑوں روپے کی بچت کی گئی ہے اس لیے اب انہوں نے دیگر سیکٹروں میں بھی ایم پی او سے کارپیٹنگ کرانے کی ہدایت دی ہیں تاکہ ہم اپنی ہیوی مشینری اور دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر ترقیاتی کاموں میں بچت کی روایت ڈالیں۔