زیارت میں تمام سکولوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے٬ڈپٹی کمشنر عبدالخالق مندوخیل

پیر 7 نومبر 2016 20:44

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 نومبر2016ء) ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالخالق مندوخیل نے کہاہے کہ ضلع زیارت میں تمام سکولوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے٬سنجاوی اور زیارت میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں جارہے ہیں ٬ضلع زیارت میں تعلیمی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالخالق مندوخیل نے گورنمنٹ ہائی سکول منہ٬گورنمنٹ ہائی سکول زڑگی ٬گورنمنٹ ہائی سکول سپیزندی اور گرلز سکول زڑگی زیارت کااچانک دورہ کیا ۔

اس موقع پرانہوں نے کلا س رومز میں طلباء سے ہوم ورک درس وتدریس کے حوالے سے سوالات اور اساتذہ کے حاضر ی رجسٹر بھی چیک کئے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر زیارت نے گورنمنٹ ہائی سکول زڑگی ٬گرلز سکول زڑگی اور گورنمنٹ ہائی سکول سپیزندی میںبعض اساتذہ کی غیرحاضری پر سخت برہمی کا اظہار کیااورکہاکہ غیر حاضر اساتذہ کی تنخواہیں بند کی جائیں گی اور ان کی تنخواہ سے کٹوتی کی جائے گی ٬ڈپٹی کمشنر زیارت نے سکولوں کے دوران غیر حاضر اساتذہ کے خلاف محکمہ تعلیم کو سخت محکمانہ کارروائی کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بچوں کو معیاری تعلیم دینا حکومت اور محکمہ تعلیم کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ضلع بھر کے تمام اساتذہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض منصبی ایمانداری سے ادا کریں اس سلسلے میں کوئی کوتاہی اور غفلت کو برداشت نہیں کریں گے۔انہوں نے طلبا ء پر زور دیا کہ وہ محنت کو اپنا شعار بنائیں اور اپنی تمام تر توجہ حصول علم پر مرکوز رکھیں ٬طلبا ء مستقبل کے معمار ہیں ان سے بہت امیدیں وابستہ ہیں ۔

انہوں نے کہا ہے کہ عوام اپنے بچوں کو سکول میں داخل کرکے حکومتی کوششوں کا ساتھ دیں٬کیونکہ تعلیم ہمارا مستقبل ہے اور علم وترقی کے لیے جدوجہد کرنا جہاد سے کم نہیں۔انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض ایماند اری اور لگن سے ادا کریں ۔تعلیمی ترقی سے ہی پسماندگی کا خاتمہ کرسکتے ہیں تعلیم یافتہ اقوام دنیا پر حکمرانی کررہے ہیں٬معیا ری تعلیم کے بغیرترقی نہیںکرسکتے ٬ضلع زیارت کے تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کریں گے ۔

انہوں نے کہا ہے کہ تعلیم کے بغیر جدید دور کے درپیش چیلنجز کا مقابلہ نہیں کیا جاسکتا ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع زیارت میں تعلیمی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے ۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کا مقام معاشرے میں بہت اونچا ہے ٬اساتذہ اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے مستقبل کے معماروں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں۔

ا نہوں نے کہاہے کہ کہ سرکاری تعلیمی اداروں کو فعال کرنا اور اساتذہ کی حاضریوں کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ محکمہ تعلیم کے ساتھ ملکر ضلع بھر کے تمام تعلیمی اداروں کی نگرانی کرے گی اوراس سلسلے میں اساتذہ کی غفلت اور کوتاہی کو برداشت نہیں کرینگے۔غیر حاضر اساتذہ کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کریں گے ۔انہوں نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہرممکن اقدامات کرینگے