پاکستان ائیر فورس اکیڈمی رسالپور میں پاک فضائیہ کے 117ویں کمبیٹ سپورٹ کورس کی تقریب منعقد

گریجویٹ ہونے والے کیڈٹس پاک فضائیہ کی محنت اور عزم کی اعلیٰ روایات کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں گے‘کمانڈر رائل سعودی فضائیہ

پیر 7 نومبر 2016 20:16

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 نومبر2016ء) پاکستان ائیر فورس اکیڈمی رسالپور میں پیر کو پاک فضائیہ کے 117ویں کمبیٹ سپورٹ کورس ٬رائل سعودی ائیرفورس کے 83ویں انجینئرنگ کورس کی گریجویشن اورکویت فضائیہ کے پہلے جی ڈی پی کورس کی کمیشننگ کی تقریب منعقد ہوئی۔ کمانڈررائل سعودی فضائیہ ٬ میجر جنرل محمد صالح العتیبی اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان بھی اس موقع پر موجود تھے۔کمانڈررائل سعودی فضائیہ ٬ نے اس موقع پر گریجویٹ ہونے والے کیڈٹس جن میں رائل سعودی فضائیہ اور کویت فضائیہ کے کیڈٹس بھی شامل تھے کو تربیت کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیاکہ گریجویٹ ہونے والے کیڈٹس پاک فضائیہ کی محنت اور عزم کی اعلیٰ روایات کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں گے اور آنے والی نسلوں کے لئے نئی مثالیں قائم کرینگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی اے ایف اکیڈمی میں سعودی کیڈٹس کی کمیشننگ پاک فضائیہ اور رائل سعودی فضائیہ کے درمیان تعاون کی ایک روشن مثال ہے اور اس طرح کے اقدامات سے دونوں عظیم اقوام اور افواج کے درمیان مخلصانہ دوستی کو اور فروغ ملے گا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں سعودی فضائیہ کے سربراہ کا بے حد ممنون ہوں کہ انہوں نے اپنی تشریف آوری سے اس تقریب کو رونق بخشی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب اور انکی فضائی افواج میں دوستانہ اور برادرانہ تعلقات ہیں ۔ انہوں نے سعودی عرب اور دوسرے برادر اسلامی ممالک کی فوجی اور تعلیمی تربیت میں اپنے تعاون اور بھر پور مدد کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اپنی مادرِ وطن اور خطے کو دہشت گردی کی لعنت سے چھٹکارہ دلانے کے لئے پاک فضائیہ نے آپریشن ضرب عضب میں بہت قربانیاں اور کامیابیاں حاصل کی ہیں اور پاک فضائیہ ہر قیمت پر اپنے وطن کی خود مختاری اور دفاع کو یقینی بنائے گی۔

اس تقریب میں13 خواتین٬3رائل سعودی فضائیہ٬ 12کویتی فضائیہ کے کیڈیٹس سمیت64 کیڈٹس گریجویٹ ہوئے ۔ مہمانِ خصوصی نے گریجویٹ ہونے والے کیڈٹس کو برانچ کا نشان اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔ رائل سعودی ائیر فورس کے محمد بن خالد المالکی نے بہترین الائیڈ کیڈٹ کی ٹرافی حاصل کی۔ آفیسر کیڈٹ انعم امین نے 117ویں کمبیٹ سپورٹ کورس میں مجموعی طو ر پر بہترین کارکردگی کی ٹرافی حاصل کی ۔

تقریب میں پی اے ایف اکیڈمی کی پیرا موٹر گلائیڈرز ٹیم’’ ایگلٹس‘‘نے پیرا موٹر گلائیڈنگ کا شاندار مظاہرہ کیا۔ پی اے ایف اکیڈمی کی" شیر دل فارمیشن" کے مسحور کن فضائی مظاہرے نے حاضرین کو مبہوت کر دیا۔قبل ازیں مہمانِ خصوصی کی اکیڈمی آمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان اور ا ئیر وائس مارشل عمران خالد ٬ ائیر آفیسر کمانڈنگ پی اے ایف اکیڈمی رسالپور نے ان کا خیر مقد م کیا۔ اس تقریب میں ڈپلومیٹس٬ اعلیٰ فوجی اور سول حکام ٬ غیر ملکی عہدیداران اور گریجو یٹ ہو نے والے کیڈٹس کے والدین اور مہمانوں نے شرکت کی۔