فیصلہ آنے سے پہلے ہی حکومتی ترجمانوں نے فتح کا اعلان کر دیا ‘ترجمان عوامی تحریک

پیر 7 نومبر 2016 20:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2016ء)پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے سے پہلے ہی حکومتی ترجمانوں نے اعلان فتح کر دیا ٬عوام کی ذہن سازی کیلئے حکومتی مشینری پوری طرح متحرک ہو چکی ہے ۔سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری نے درست کہاکہ پانامہ لیکس کا جنازہ اٹھ چکا٬وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹائون٬پانامہ لیکس اور سرل لیکس کے مسئلہ پر حکومت نے تاخیری ہتھکنڈے اختیار کرنے کی پالیسی اپنا رکھی ہے ۔سانحہ ماڈل ٹائون کو 2 سال٬پانامہ لیکس کو 7 ماہ اور سرل لیکس کو ایک ماہ سے زیادہ عرصہ ہو گیا انصاف نہ ہوا نہ ہوتا نظر آ رہا ہے ۔عوام قومی ایشوز کے حامل سوالات کے جوابات کیلئے بے بسی کا شکار ہیں ۔کیا قومی ایشور اور بحرانوں میں دیگر ممالک میں اسی طرح ہوتا ہے جیسے پاکستان میں ہو رہا ہے انہوں نے کہا کہ کامیاب اور ناکام ریاستوں میں انصاف کے ہونے یا نہ ہونے کا فرق ہوتا ہے ۔