ٹیچنگ ہسپتالوں کی سکیورٹی فول پروف بنانے میں اہم پیش رفت

سیف سٹیز اتھارٹی فوری طور پر ٹیچنگ ہسپتالوں کا سکیورٹی آڈٹ کرے گی ‘ نجم احمد شاہ

پیر 7 نومبر 2016 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2016ء)سیکرٹری سپیشلائزڈہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب نجم احمد شاہ نے کہا ہے کہ سرکار ی ٹیچنگ ہسپتالوںاور سپیشلائزڈ ہیلتھ انسٹی ٹیوشنز کی سکیورٹی فول پروف بنانے میں سیف سٹیز اتھارٹی محکمہ کو تکنیکی تعاون فراہم کرے گی اورہسپتالوں کی سیکورٹی کا نظام جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے چیف آپریٹنگ آفیسر اکبر ناصر خان کے ساتھ گزشتہ رات ملاقات کے بعد بتائی ۔ سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے بتایا کہ ہسپتالوں کی سیکورٹی کے لیے کنٹرول روم اور ریمورٹ ڈیٹا سنٹرز قائم کئے جائیں گے۔ اُنہوںنے کہا کہ سیف سٹیز اتھارٹی کے ماہرین فوری طور پر ٹیچنگ ہسپتالوں کا سیکورٹی آڈٹ شروع کریں گے۔ اور اُن کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ کی روشنی میں حکمت عملی تشکیل دے کر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ نجم احمد شاہ نے مزید بتایا کہ ہسپتالوں کی سیکورٹی کے کنٹرول روم کا رابطہ ریپڈ رسپانس فورس کے ساتھ ہوگا جو ضرورت پڑنے پر فوری طور پر حرکت میں آئے گی۔