مقابلہ معلومات’’اقبال حیات و خدمات اور شاعری ‘‘ آج صبح گورنمنٹ گرلز کالج بلاک ایم نارتھ ناظم آباد میں منعقد

پیر 7 نومبر 2016 20:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 نومبر2016ء)فروغِ علم و آگہی کی ملک گیر تحریک پاکستان کوئز سوسائٹی کے بانی چیئرمین پروفیسر حافظ نسیم الدین کے اعلامیے کے مطابق سوسائٹی اپنی دیرینہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے مصورِ پاکستان حضرت علامہ ڈاکٹر سر محمد اقبال کے 139 ویں یومِ ولادت کے حوالے سے آج صبح 9 1/2 بجے گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج بلاک ایم نارتھ ناظم آباد کراچی میں کل کراچی بین الکلیاتی و جامعاتی مقابلہ معلومات بعنوان اقبال حیات و خدمات اور شاعری (علامہ اقبال کوئز رننگ ٹرافی 2016 )منعقد کررہی ہے۔

(جاری ہے)

ہر کالج اور یونیورسٹی سے دو طلبہ و طالبات پر مشتمل ٹیم تعلیمی ادارے کے تصدیق نامے کے ساتھ شریک ہوسکتی ہے۔ تقریب تقسیم انعامات و اسناد کی صدارت ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ ڈاکٹر ناصر انصار کریں گے۔ جبکہ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے سیکریٹری عظیم احمد اور سابق چیف کنٹرولر بلنگ (KESC )جناب انور علی رومی بطور مہمانان اعزازی شریک ہوں گے۔ سالِ گذشتہ کی فاتح گورنمنٹ کالج برائے خواتین کورنگی نمبر 4 کی ٹیم ٹرافی کا دفاع کرے گی۔