جامعہ سندھ جام شورو٬2 طلباء نے قومی سطح کے تقریری مقابلوں میں چیمپینز ٹرافی حاصل کرلی

پیر 7 نومبر 2016 19:18

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 نومبر2016ء) جامعہ سندھ جام شورو کے 2 طلباء نے قومی سطح کے تقریری مقابلے میں اول پوزیشن کے ساتھ چیمپینز ٹرافی حاصل کرلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کیڈٹ کالج پیٹارو کی جانب سے قومی سطح پر اردو اور انگریزی زبانوں میں منعقد کئے گئے ’’25 ویں آل پاکستان تقریری مقابلے‘‘ میں جامعہ سندھ کے 2 طلباء پر مشتمل ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیمپینز ٹرافی اپنے نام کرلی ہے۔

فیکلٹی آف فارمیسی کے طالب محمد جنید ملک نے اردو زبان کے تقریری مقابلے میں٬ جبکہ شعبہ انگریز زبان و ادب کی طالبہ سدرہ بلوچ نے انگریزی زبان میں ہونے والے تقریری مقابلے میں جامعہ سندھ کی نمائندگی کی۔ جنید ملک نے بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اول پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

جبکہ سدرہ بلوچ نے انگریزی میں اپنی تقریر کے سحر انگیز مسودے اور انداز سے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔

یاد رہے کہ اس مقابلے میں پاکستان کے 25 تعلیمی اداروں کے 50 طلباء نے حصہ لیا۔ جامعہ سندھ کے فاتح طلباء نے بیورو آف اسٹیگس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فدا حسین چانڈیو کی سرپرستی میں شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو سے ملاقات کرکے ان کے ساتھ اپنی خوشیاں بانٹیں۔ ڈاکٹر کلہوڑو نے فاتح طلباء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی عالیشان حاصلات پر شاباس دی۔

ڈاکٹر کلہوڑو نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ سندھ کی انتطامیہ کی ہمیشہ سے یہ بھرپور کوشش رہی ہے کہ وہ جامعہ کی تمام دلچسپی رکھنے والے طلباء کو بہترین ہم نصابی و غیر نصابی ماحول اور سہولیات فراہم کرے تاکہ وہ اپنے اندر چھپی ہوئی صلاحیتوں کو بھرپور طریقے سے اجاگر کر سکیں۔ انہوں نے ڈاکٹر فدا چانڈیو اور ان کی ٹیم کی محنتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر چانڈیو کے بیورو آف اسٹیگس کے ڈائریکٹر ہونے کے بعد جامعہ سندھ کے طلباء ان کی رہنمائی و سرپرستی میں مسلسل کامیابیاں سمیٹ رہے ہیں٬ جس کے لیے وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

متعلقہ عنوان :