اے این پی پشاورکاہارون بلور پرمقدمہ درج کرنے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

پیر 7 نومبر 2016 19:16

پشاور۔07نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 نومبر2016ء) عوامی نیشنل پارٹی سٹی ڈسٹرکٹ پشاور کے زیر اہتمام پشاور پریس کلب کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں ضلعی صدر ملک غلام مصطفی‘ جنرل سیکرٹری سرتاج خان‘ تحصیل ناظم چارسدہ خلیل بشیر خان عمرزئی‘ سٹی ڈسٹرکٹ کابینہ کے عہدیداران کے علاوہ ڈسٹرکٹ و ٹائون کونسلروں اور کارکنوں نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر ملک غلام مصطفی نے کہا کہ پی ٹی آئی سارے پاکستان میں یہ دعوے کرتی پھرتی ہے کہ پختونخوا میں پولیس غیر سیاسی ہے اور حکومت کے کنٹرول میں نہیں ہے لیکن گزشتہ روز کے ناخوشگوار واقعہ پیش آیا جس میں پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات ہارون بلور کیخلاف مختلف دفعات میں ایف آئی آر کاٹی گئی جبکہ اصل مجرم اورنگزیب آفریدی جس کا تعلق حکومتی پارٹی سے ہے کیخلاف ایف آئی آر نہیں کاٹی گئی اور اس کیلئے وزراء‘ ضلعی ناظم اور ٹائون ناظم پولیس پر اثر انداز ہو رہے تھے کہ کسی صورت بھی پی ٹی آئی کے کسی بھی کارکن کیخلاف کوئی بھی ایف آئی آر نہ کاٹی جائے جو سراسر زیادتی ہے‘ اس سے پہلے بھی بلدیاتی الیکشن میں بھی پولیس سے دھاندلی کروائی گئی اور بلند و بانگ دعوے کرنیوالی حکومت جو تبدیلی کے نام پر برسر اقتدار آئی کل کے واقعے نے اس کے جھوٹ کا پول کھول دیا‘ اے این پی باچا خان کے پیروکاروں کی پارٹی اور سیاست میں تشدد کے خلاف ہے لیکن ایسے حکمرانوں کو بے نقاب کرنے کیلئے ہمیشہ کلمہ حق کہتی رہے گی‘ پختونخوا میں پولیس کوئی غیر جانبدار نہیں ہے‘ جھوٹ بول بول کر موجودہ حکمرانوں کے چہرے بے نقاب ہو چکے ہیں‘ آج ہمارا احتجاج حکمرانوں کی نااہلی اور جابنداری کیخلاف ہے اور ہم احتجاج میں یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر ہارون بلور کیخلاف جو جھوٹی ایف آئی آر کاٹی گئی ہے وہ واپس لی جائے اور اصل مجرم پی ٹی آئی کے کارکن اورنگزیب آفریدی کیخلاف ایف آئی آر کاٹی جائے‘ مظاہرے سے سٹی ڈسٹرکٹ کے عہدیداروں نیاز مومند‘ سرتاج خان‘ ملک طارق‘ تحصیل ناظم چارسدہ خلیل بشیر عمرزئی‘ این وائی او کے سنگین ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :