صوبوں کو وفاق سے لڑانا وزیراعظم محمد نواز شریف نے سکھایا ہے ٬مولا بخش چانڈیو

ن)لیگ جب بھی حکومت میں آتی ہے ٬صوبوں میں نفرت بڑھ جاتی ہے٬سی پیک کو ایک صوبے تک محدود نہ کیا جائے ٬مشیر اطلاعات سندھ کراچی میں بدامنی کی صورتحال برداشت نہیں کی جائیگی٬یہ تاثر نہ دیا جائے کہ کسی کے خلاف یکطرفہ کارروائی ہورہی ہے٬کابینہ اجلاس کے بعد بریفنگ

پیر 7 نومبر 2016 18:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)جب بھی حکومت میں آتی ہے صوبوں میں نفرت بڑھ جاتی ہے ۔صوبوں کو وفاق سے لڑانا وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے سکھایا ہے ۔وفاقی حکومت سی پیک منصوبے کو ایک صوبے تک محدود نہ کرے ۔اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے ۔

کراچی میں بدامنی کی صورت حال برداشت نہیں کی جائے گی ۔محرم الحرام پرامن طور پر گذرنے کے بعد شہرکے حالات خراب کی ساز ش کی جارہی ہے ۔ضیاء الحق نے جو بیج بویا تھا اس کے درخت بڑے ہوچکے ہیں ۔عرصہ دراز سے بگڑے ہوئے معاملات کو حل کرنے کا تہیہ کررکھا ہے ۔یہ تاثر نہ دیا جائے کہ کسی کے خلاف یکطرفہ کارروائی ہورہی ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ تمام محکموں کی ڈپارٹمینٹل کمیٹیوں کو فوری طور ملازمین کو اگلے گریڈ میں ترقیاں دینے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

وہ پیر کو سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد نیو سندھ سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں امن امان کی صورتحال کا نوٹس لیا ہے ۔وزیر اعلی نے واضح کیا ہے کے بد امنی کی صورتحال برداشت نہیں کی جائے گی ۔مجموعی طور پر کراچی امن امان کی صورتحال بہتر ہے ۔محرم الحرام پر امن گذرنے کے بعد شہر کے حالات خراب کرنے کی سازش کی جارہی ہے ۔

فرقہ وارانہ فسادات کو ختم کردیا جائے گا ۔انہوںنے کہا کہ جنرل ضیا الحق نے جو بیج بویا تھااس کے درخت بڑے ہوچکے ہیں ۔لیکن ہم مسلسل کام کررہے ہیں اور پرامید ہیں کہ عرصہ دراز سے بگڑے ہوئے معاملات حل ہو جائیں گے۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ کراچی میں قیام امن کے لیے بلاتفریق کارروائیاں کی جارہی ہیں ۔یہ تاثر غلط ہے کہ کسی کے خلاف یکطرفہ کارروائی کی گئی ہے ۔

ہم ہر مکتبہ فکر کے لوگوں کے ساتھ ہیں ۔کسی ایک گروہ کی سرپرستی نہیں کررہے ہیں ۔اسٹریٹ کرائم اور دیگر جرائم میں ملوث افراد کو کسی صورت میں نہیں بخشا جائے گا ۔انہوںنے کہا کہ وزیراعظم چھوٹے صوبوں کے ساتھ ناانصافی کررہے ہیں ۔18ویں ترمیم کے بعد جو اختیارات صوبوں کو ملنے چاہیے تھے وہ ان کو نہیں دیئے گئے ہیں ۔وفاق صوبوں کے فیصلوں کے نظر انداز نہ کرے ۔

صوبوں کو وفاق سے لڑانے کے راستے میاں نواز شریف نے دکھائے ہیں ۔مسلم لیگ (ن)جب بھی حکومت میں آتی ہے صوبوں میں نفرت بڑھ جاتی ہے ۔اپنے اقتدار کو بچانے کیلئے صوبوں کو نظر انداز کیا جارہا ہے ۔صوبائی کابینہ کے اجلاس کے حوالے سے مولا بخش چانڈیو نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ تمام محکموں کی ڈپارٹمینٹل کمیٹیوں کو فوری طور ملازمین کو اگلے گریڈ میں ترقیاں دینے کی ہدایت کی ہے۔

افسران کو اس حوالے سے 10دن کی مہلت دی گئی ہے تاکہ خالی آسامیوں پر بھرتیاں کی جاسکیں ۔انہوںنے سندھ کابینہ کے سابق ارکان اورریٹائرڈ افسران سے سرکاری گاڑیاں واپس لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ صوبے میں مدارس کی رجسٹریشن کا فیصلہ پہلے ہی کیا جاچکا ہے ۔سی پیک کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ سی پیک منصوبے کو متنازع نہ بنایا جائے ۔وفاقی حکومت منصوبے کو ایک صوبے تک محدود نہ کرے اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے ۔