مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خواتین کی شمولیت کو یقینی بنائے بغیر حقیقی ترقی کا تصور ممکن نہیں٬گورنرپنجاب

پیر 7 نومبر 2016 18:17

ْ لاہور۔7 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 نومبر2016ء)گورنر پنجاب ملک محمدرفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خواتین کی شمولیت کو یقینی بنائے بغیر حقیقی ترقی کا تصور ممکن نہیں اور یہ امر قابل تعریف ہے کہ خواتین بزنس کے شعبے میں بھی اپنا لوہا منوا رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے خواتین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری لاہور ڈویژن کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا٬ جنہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں وومن چیمبر کی فائونڈر صدر شہلااکرم کی قیادت میں اُن سے ملاقات کی۔

اس موقع پروومن چیمبر کی صدر شازیہ سلیمان بھی موجود تھی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ آج کی صنفِ نازک قابلیت ٬ ذہانت اور محنت و لیاقت کے اعتبار سے کسی طرح بھی مرد آہن سے کم نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کئی خواتین نے اپنے کامیاب برانڈز کے ذریعے نہ صرف ملکی سطح پر کامیابیاں حاصل کی ہیں بلکہ عالمی منڈیوں میں بھی اپنے برانڈز کے ذریعے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ کچھ شعبوں میں خواتین مردوں کے مقابلے میں زیادہ کامیاب رہی ہیں جن میں فیشن ڈیزائننگ ٬انٹرپرینئرزڈیکوریشن اور تعلیم کے شعبے قابلِ ذکر ہیں۔گورنر پنجاب نے مختلف شعبوں میں کاروباری سر گرمیوں میں حصہ لینے والی خواتین کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے ویمن چیمبر آف کامرس کے قیام کو سراہا اور کہا کہ اس سے خواتین انٹرپرینئیرزکو درپیش مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔

گورنر نے کہا کہ سمیڈا اور دیگر اداروں میں سرمایہ کاری کے منصوبوں میں خواتین کے لیے نہ صرف خصوصی کوٹہ رکھا جاتا ہے بلکہ ان کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا اور نیوٹیک کے زیر اہتمام شروع کیے گئے تربیتی کورسز میں میک اپ ٬ بیوٹیشن ٬انٹرپرینئر ڈیزائننگ اور دیگر ایسے شعبے بھی شامل کئے گئے ہیں جو براہ راست خواتین سے وابستہ ہیں۔

اس موقع پر خواتین چیمبر کی وفد نے گورنر پنجاب کو بتایاکہ حکومت کی بہترین پالیسیوں کی بدولت خواتین کو تجارت کے شعبے میں احساس تحفظ ملا ہے۔ انہوں نے گورنر پنجاب کو انہیں درپیش مختلف مسائل کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ گورنروفد کویقین دلایا کہ حکومت ان کئے مسائل کو دور کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی۔ وفد نے گورنر پنجاب کو چیمبر میں آنے کی دعوت بھی دی۔