چیچہ وطنی:جعلی ٹریول ایجنٹوں نے عمرہ زائرین کو لوٹنا شروع کر دیا

Mohammad Ali IPA محمد علی پیر 7 نومبر 2016 17:00

کسووال ،چیچہ وطنی(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پر یس ایجنسی۔ 07 نومبر ۔2016ء)جعلی ٹریول ایجنٹوں نے عمرہ زائرین کو لوٹنا شروع کر دیا۔ تفصیل کے مطابق کسووال اور گرد ونواح میں کریانہ فروش اور اسی طرح کے دیگر پیشوں سے تعلق رکھنے والوں نے لوگوں کو عمرہ پر بھیجنا شروع کر رکھا ہے جبکہ انکے پاس کو ئی لائسنس یا دستاویز نہ ہے ،یہ جعلی ٹریول ایجنٹ عمرہ زائرین کو سستے پیکج اور بہترین سہولتوں کے نام پر لوٹ رہے ہیں ،یہ مقامی کیبل نیٹ ورک اور دیگر ذرائع سے دھڑلے سے اپنی تشہیر کر رہے ہیں ، ان کو کسی متعلقہ ادارے یا ایجنسی کا کوئی خوف نہیں ۔

(جاری ہے)

ان کا طریقہ واردات یہ ہے کہ یہ لوگوں کو خانہ کعبہ سے نزدیک ترین رہائش اورفائیو اسٹار سہولیات آفر کرتے ہیں ،اور اسی حساب سے رقم وصول کرتے ہیں جس کے بعد یہ لائسنس یافتہ ٹریول ایجنٹس کے پاس جاتے ہیں ،اور وہاں سستے ترین پیکج کے ساتھ جس میں رہائش خانہ کعبہ سے کئی کلو میٹر دور اور کم معیاری رہائش کا سودا کرتے ہیں،اور گاہک سے زائد وصول کی گئی رقم اپنی جیب میں ڈال لیتے ہیں،اس سلسلہ میں دیکھا گیا ہے کہ جب زائرین مکہ مکرمہ سے فون پر اِن سے خانہ کعبہ سے دور رہائش اور کم معیاری سہولتوں کی شکائت کرتے ہیں تو یہ سارا ملبہ لائسنس یافتہ ایجنٹس پر ڈال کر خود بری الذمہ ہو جاتے ہیں ،اکثر زائرین عمرہ سے واپسی پر ان جعلی ایجنٹوں سے جھگڑا کرتے نظر آتے ہیں،متاثرہ عمرہ زائرین اور ان کے لواحقین نے متعلقہ اداروں کے ارباب اختیار سے ان جعلی ٹریول ایجنٹس کے خلاف کاروائی کرنے اور لوگوں سے زائد وصول کی گئی رقم واپس دلوانے کا مطالبہ کیا ہے۔