ایبٹ آباد٬ حلقہ این اے 18میں سوئی گیس سے محروم علاقوں کوگیس کی سہولت فراہم کرنے کیلئے سروے مکمل ہوچکا ہے ٬ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

پیر 7 نومبر 2016 16:52

ایبٹ آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 نومبر2016ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضٰی جاوید عباسی نے کہا ہے کہ حلقہ این اے 18میں سوئی گیس سے محروم علاقوں کو سوئی گیس کی سہولت فراہم کرنے کیلئے سروے مکمل ہوچکا ہے بہت جلد دیہی علاقوں کے عوام سوئی گیس کی سہولت سے مستفید ہوں گے٬وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف الیکشن کے دوران ہزارہ کے عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کریں گے٬ پریس کلب حویلیاں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایات پر ہزارہ موٹروے منصوبے پر کام کا آغاز ہو چکا ہے جس میںحسن ابدال سے حویلیاں تک پہلے فیز پر کام مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا جس سے ہزارہ کے عوام کی تقدیر بدل جائے گی ۔

سوئی گیس فراہمی کے حوالے سے مرتضٰی جاویدعباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اس سے قبل ہزارہ ڈویژن میں سوئی گیس کی فراہمی کا وعدہ پورا کیا اور اب سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل )نے لوئر گلیات٬لورااورتناول سرکلز میںسروے مکمل کر لیا ہیاور جلد ان علاقوں کو وزیر اعظم کے اعلان کے مطابق سوئی گیس فراہم کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی اسپیکر نے صوبائی حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ دھرنوں کی بجائے ترقی پر توجہ مرکوز کرے ۔

انہوں نے کہا کہ "چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے ذریعے پاکستان میں ترقی وخوشحالی کے ایک نئے دور کا آغازہوگا".مرتضٰی جاوید عباسی نے کہا کہ وزیر اعظم کی پالیسیوں کی بدولت گزشتہ تین سال کے دوران ملک کے اقتصادی منظر نامے کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے اپنے حلقے کے عوام کو یقین دلایا کہ 2018 کے عام انتخابات سے قبل سوئی گیس پائپ لائنز کی تنصیبات اور بجلی کی فراہمی سمیت حلقے میںتمام ترقیاتی کام مکمل کئے جائیں گے ۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضٰی جاوید عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کو جتنی محبت ہزارہ کے عوام سے ملی اس کا ثبوت انہوںنے ہزارہ موٹروے کی فراہمی سے ثابت کر دیا ہے۔