اشتعال انگیز تقریر کرنے کا الزام ٬مجلس وحدت المسلمین کے رہنما علامہ مرزا یوسف حسین کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

پیر 7 نومبر 2016 16:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 نومبر2016ء) مجلس وحدت المسلمین کے رہنما علامہ مرزا یوسف حسین کو اشتعال انگیز تقریر کے الزام میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ۔پیر کو مجلس وحدت المسلمین کے رہنما علامہ مرزا یوسف کوانسداد دہشت گردی کی عدالت کے منتظم جج کے روبرو پیش کیا گیا٬ تفتیشی افسر نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ علامہ یوسف پر اشتعال انگیز تقاریر کا الزام ہے۔

انہوں نے رواں برس مئی میں خرم زکی کی نمازجنازہ میں اشتعال انگیز تقریرکی تھی اور اس واقعہ کا مقدمہ شریف آباد تھانے میں درج ہے لہذاٰ علامہ یوسف مرزا کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ علامہ یوسف مرزا کے وکیل نے ریمانڈ دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ علامہ یوسف مرزا پرجھوٹا الزام عائد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے تفتیشی افسر کی جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے علامہ مرزا یوسف کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور تفتیشی افسر کو 23 نومبر تک مقدمے کا چالان پیش کرنے کا حکم دیا۔

دوسری جانب مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے علامہ یوسف کی گرفتاری پر کراچی کے مختلف علاقوں میں مظاہرے کئے جا رہے ہیں٬ مظاہرین نے شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکیں اور ریلوے ٹریک بند کررکھے ہیں٬ سڑکیں بند ہونے کے باعث نیشنل ہائی وے پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں جب کہ احتجاج کے باعث اندرون ملک ٹرینوں کی آمد و رفت کا نظام بھی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز نے مجلس وحدت المسلمین کے رہنما علامہ مرزا یوسف کو دو روز قبل گرفتار کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :