عوام نے دھرنوں اور احتجاج کی سیاست کو مسترد کر دیا٬گوادر تا کوئٹہ سڑک تعمیر کر لی گئی ہے ٬ ڈیرہ اسمعیل خان سے برہاں تک سڑک کی تعمیر پر کام تیزی سے جاری ہے٬وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال کی ذرائع ابلاغ سے گفتگو

پیر 7 نومبر 2016 16:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 نومبر2016ء) وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ گوادر سے کوئٹہ سڑک تعمیر کر لی گئی ہے جبکہ ڈیرہ اسمعیل خان سے برہاں تک سڑک کی تعمیر پر کام تیزی سے جاری ہے۔ ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری پر کام تیزی سے جاری ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے پاکستان سمیت خطے کی تقدیر بدل جائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گوادر پورٹ سے سامان کو کوئٹہ منتقل کرنے کے لیے قبل ازیںکوئی زمینی راستہ نہیں تھا ٬ موجودہ حکومت نے گوادر سے کوئٹہ تک ساڑھے چھ سو کلو میٹر سڑک کی تعمیر کا کام شروع کیا جسے مقررہ مدت سے دوماہ قبل مکمل کر لیا گیا ہے٬اس سڑک کی تعمیر کے بعد گوادر پورٹ سے سامان ٹرکوں کی مدد سے کوئٹہ٬ افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک تک منتقل کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ کوئٹہ سے پشاور اور پشاور سے ڈیرہ اسمعیل تک 4 سو کلو میٹر طویل سڑک کی تعمیر کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ پاکستان میں موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان میں 2013 سے ترقی اور خوشحالی کی راہیں کھل گئی ہیں ملکی معیشت میں بہتری آ رہی ہے٬ عوام باشعور ہو گئے ہیں ٬ وہ چاہتے ہیں کہ حکومت آئینی مدت پوری کرے٬عوام نے دھرنوں اور احتجاج کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ عوام انتخابات کے دوران کارکردگی کو دیکھتے ہوئے اپنے ووٹ کے ذریعے حکومت کا انتخاب کریں گے۔