آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پی آئی اے کے طیارے پر فائرنگ کرنے والے شدت پسند سمیت9 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی- مجرمان دہشت گردی، عام شہریوں کے قتل، لیویز اہلکاروں کے قتل اور سیکیورٹی اور مسلح افواج کے اہلکاروں پر حملوں جیسے سنگین جرائم میں ملوث ہیں-آئی ایس پی آر

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 7 نومبر 2016 15:34

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پی آئی اے کے طیارے پر فائرنگ کرنے والے شدت ..

راولپنڈی (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07 نومبر۔2016ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مزید 9 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی جن میں وہ دہشت گرد بھی شامل ہیں جنہوں نے 2014 میں پشاور ایئرپورٹ پر اترنے والے پی آئی اے کے طیارے پر فائرنگ کی تھی۔اس فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک جبکہ دیگر دو مسافر زخمی ہوگئے تھے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دہشت گردی، عام شہریوں کے قتل، لیویز اہلکاروں کے قتل اور سیکیورٹی اور مسلح افواج کے اہلکاروں پر حملوں جیسے سنگین جرائم میں ملوث دہشت گردوں کو سزائے موت دی گئی تھی۔

ان دہشت گردوں پر فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے گئے تھے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق جن دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کی گئی ان میں ساجد ولد ابراہیم خان، جاوید خان ولد فقیر گل، فضل حق ولد شہداد، فضل الرحمان ولد فضل کریم، زاہد خان ولد کتاب شاہ، عمر سعید ولد حضرت سعید، رحمت ولد اسماعیل خان، بخت ولی ولد عمل خان اور نذیر احمد ولد اللہ داد شامل ہیں۔

(جاری ہے)

دہشت گرد ساجد کے حوالے سے جاری تفصیلات میں بتایا گیا کہ وہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا سرگرم رکن تھا اور پشاور میں پی آئی اے کے طیارے میں ہونے والی فائرنگ میں ملوث تھا جس میں ایک خاتون ہلاک ہوئی تھیں۔ساجد عام شہریوں کے قتل اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں پر حملے میں بھی ملوث تھا جس کے نتیجے میں پیر اسرار اور ان کے خاندان کے 8 افراد، سویلین نیاز گل اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر ساجد خان ہلاک ہوئے جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

ساجد کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا تھا اور اس نے مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے روبرو اپنے جرائم کا اعتراف کیا تھا جس کے بعد اسے سزائے موت سنائی گئی۔واضح رہے کہ پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پی آئی اے کی ایک پرواز پر فائرنگ کے واقعہ کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن کے دوران 250 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا تھا۔