پاکستان پیپلز پارٹی نے پاناما لیکس کیس میں سپریم کورٹ کے انکوائری کمیشن کی مخالفت کردی -کمیشن نہ بنانا اپوزیشن جماعتوں کی مشترکہ رائے ہے۔ پاناما بل پر اپوزیشن کی تمام جماعتوں کے دستخط ہیں، سپریم کورٹ اپوزیشن کے بل کی روشنی میں فیصلہ کرے۔بیرسٹر اعتزاز احسن-پاناما لیکس کا مسئلہ صرف پارلیمنٹ کے ذریعے سے ہی حل ہونا چاہیے جس کے لیے قانون سازی کی ضرورت ہے۔ شازیہ مری

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 7 نومبر 2016 14:09

پاکستان پیپلز پارٹی نے پاناما لیکس کیس میں سپریم کورٹ کے انکوائری کمیشن ..

ا سلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07 نومبر۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے پاناما لیکس کیس میں سپریم کورٹ کے انکوائری کمیشن کی مخالفت کردی ہے،بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ کمیشن نہ بنانا اپوزیشن جماعتوں کی مشترکہ رائے ہے۔ایک بیان میں اعتزاز احسن نے کہا کہ سپریم کورٹ کو پاناما معاملے پر کمیشن نہیں بنانا چاہیے،حکومت ایشو کی انکوائری سے بھاگ رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جماعتوں کاپاناما بل پر ساتھ نہ ہونے کا تاثر غلط ہے، پاناما بل پر اپوزیشن کی تمام جماعتوں کے دستخط ہیں، سپریم کورٹ اپوزیشن کے بل کی روشنی میں فیصلہ کرے۔دوسری جانب نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کی راہنما اور سندھ کی سابق وزیرشازیہ مری نے واضح طور پر کہا ہے کہ ان کی جماعت یہ سمجھتی ہے کہ پاناما لیکس کا مسئلہ صرف پارلیمنٹ کے ذریعے سے ہی حل ہونا چاہیے جس کے لیے قانون سازی کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

شازیہ مری کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ اس ملک کا ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس کی سب قدر کرتے ہیں اور یہ جنگ بھی پارلیمنٹ کو مضبوط کرنے کے لیے ہی ہے۔انھوں نے کہا کہ پاناما لیکس کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے 4 مطالبات ہیں جن میں سب سے بنیادی مطالبہ پارلیمانی کمیٹی کا قیام ہے، جبکہ اس کے علاوہ ایک انکوائری ایکٹ 2016 ہے جس پر خود پارلیمنٹ کام کرے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ باقی مطالبات میں سی پیک اور 3 سال سے وزیر خارجہ کا تقرر نہ ہونا بھی شامل ہے جس کی وجہ سے ہم دنیا کے سامنے اپنی خارجہ پالیسی بیان کرنے سے قاصر ہیں۔پیپلز پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ اگرچہ پاناما لیکس کا معاملہ اب سپریم کورٹ میں ہے، لیکن ان کی توقعات اب بھی پارلیمنٹ سے وابستہ ہیں جہاں اپوزیشن کے بل کو منظور کرکے اس کو ایکٹ کی شکل دینی چاہیے۔