لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 2پاکستانی شہری شہید اور 4 زخمی ہوگئے ۔بھارتی فورسز مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں اور ہلاکتوں کا صحیح اندازہ اسی وقت ہوگا جب شیلنگ اور فائرنگ کا سلسلہ تھمے گا۔ اسسٹنٹ کمشنرنکیال- سیاحوں کو یہاں آنے کی اجازت نہیں دی جارہی تاہم مقامی افراد احتیاط کے ساتھ سفر کرسکتے ہیں۔ڈپٹی کمشنروادی نیلم

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 7 نومبر 2016 13:58

لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس ..

مظفرآباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07 نومبر۔2016ء) لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکارشہید اور 4 زخمی ہوگئے ہیں۔نکیال کے اسسٹنٹ کمشنر سردار ذیشان نثار نے بتایا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے فائر کیے گئے مارٹر شیل کے نتیجے میں 30 سالہ پولیس کانسٹیبل امتیاز موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

علاقہ مکینوں کے مطابق حالیہ فائرنگ کے نتیجے میں 2 شہری جاں بحق ہوئے تاہم ذیشان نثار نے بتایا کہ انتظامیہ کو تصدیق کا انتظار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسز مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں اور ہلاکتوں کا صحیح اندازہ اسی وقت ہوگا جب شیلنگ اور فائرنگ کا سلسلہ تھمے گا۔عسکری ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز کی جانب سے بھی ہندوستانی فائرنگ اور شیلنگ کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔

(جاری ہے)

نکیال سیکٹر کے ایک رہائشی حاجی آزاد نے بتایا بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ صبح سویرے شروع ہوا اور اب تک جاری ہے، جس کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوچکے ہیں۔انھوں نے مزید بتایا میں بتاسکتا ہوں کہ یہاں مزید ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں، لیکن چونکہ یہاں گاڑیوں کے ذریعے سے نقل و حرکت تقریباً ناممکن ہوچکی ہے، لہذا جاں بحق افراد کی درست تعداد کا اندازہ فوری طور پر نہیں لگایا جاسکتا۔

دوسری جانب وادی نیلم کے شمال مشرق میں ہندوستانی فورسز کی جانب سے مرکزی نیلم ویلی روڈ پر ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 2 مسافر زخمی ہوئے۔ڈپٹی کمشنر نیلم سردار وحید نے بتایا کہ فلکاں گاوں میں بھی ہندوستانی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا۔انھوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں کو یہاں آنے کی اجازت نہیں دی جارہی تاہم مقامی افراد احتیاط کے ساتھ سفر کرسکتے ہیں۔

دوسری جانب ہندوستانی فائرنگ سے نکیال سیکٹر کے گاوں ڈبسی میں بھی محمد بشیر نامی ایک شخص زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال کوٹلی منتقل کردیا گیا۔یاد رہے کہ گذشتہ روز بھی لائن آف کنٹرول کے بٹل اور درہ شیر خان سیکٹرز پر ہندوستانی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے تھے۔بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ان سیکٹرز میں کم از کم 25 گھروں اور 3 گاڑیوں کو جزوی یا مکمل نقصان پہنچا جبکہ 4 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔پونچھ کے ڈپٹی کمشنر چوہدری الطاف نے بتایا آج ان علاقوں میں سکون ہے، لیکن کوئی نہیں جانتا کہ کب دوبارہ سے فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوجائے۔