پرتھ ٹیسٹ٬جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو اسکے ہوم گرائونڈ پر 177رنز سے شکست دیدی٬سیریز میں 1-0کی برتری حاصل

آسٹریلیا کی ٹیم 539رنز ہدف کے تعاقب میں 361رنز بنا کر آئوٹ٬ عثمان خواجہ کے 97 اورپیٹر نیوئل کے 60رنز جنوبی افریقہ کی جانب سے کاگیسو ربادا نے 5٬ فیلنڈر ٬ باووما ٬ ڈومنی اور مہاراج نے ایک ایک وکٹ حاصل کی گیسو ربادا مین آف دی میچ قرار٬دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ٹیسٹ 12نومبر سے ہوبارٹ میں کھیلا جائے گا

پیر 7 نومبر 2016 13:39

پرتھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 نومبر2016ء) جنوبی افریقہ نے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو اسکے ہوم گرائونڈ پر 177رنز سے شکست دیکر3میچوں کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کرلی۔آسٹریلیا کی ٹیم 539رنز ہدف کے تعاقب میں 361رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں عثمان خواجہ 97٬پیٹر نیوئل 60٬ڈیوڈ وارنر35٬سٹیو سمتھ 34 اور جوش ہیزل ووڈ 29رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے دوسری اننگز میں کاگیسو ربادا نے 5کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ فیلنڈر ٬ باووما ٬ ڈومنی اور مہاراج نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جنوبی افریقہ کے فاسٹ بائولر گیسو ربادا کو میچ میں 7وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ٹیسٹ 12نومبر سے ہوبارٹ میں کھیلا جائے گا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پرتھ کر کٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں آخری دن آسٹریلیا نے اپنی نامکمل اننگز چار وکٹوں کے نقصان پر169رنز سے اننگز دوبارہ شروع کی تو مچل مارش اور عثمان خواجہ نے ٹیم کا سکور 196رنز تک پہنچا دیا۔

اس موقع پر مارش26رنز بنانے کے بعد ربادا کی چوتھی وکٹ بنے۔عثمان خواجہ نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور سنچری سے تین رنز کے فاصلے پر ڈومینی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اس وقت آسٹریلیا کا سکور 246 رنز تھا۔آسٹریلیا کو ساتواں نقصان مچل سٹارک کی وکٹ کی شکل میں ہوا جو 13 رنز بنا سکے۔ یہ ربادا کی اس اننگز میں پانچویں وکٹ تھی۔ 280 کے مجموعی سکور پر فیلنڈر نے پیٹر سڈل کو آئوٹ کیا جبکہ آسٹریلیا کی نویں وکٹ 65 رنز کی شراکت کے بعد گری جب 29 رنز بنانے والے جوش ہیزل وڈ کو باووما نے کیچ کروا دیا۔

آسٹریلیا کے آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی ناتھن لیوئن تھے جو 8رنز بنا کر کشف مہاراج کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوئے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے دوسری اننگز میں کاگیسو ربادا نے 5کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ فیلنڈر ٬ باووما ٬ ڈومنی اور مہاراج نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔واضح رہے کہ پرتھے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 242 رنز بنا سکی تھی جس کے جواب میں 158 رنز کا آغاز ملنے کے باوجود آسٹریلیا کی ٹیم 244 رنز ہی بنا سکی تھی اور اسے پہلی اننگز میں 2رن کی برتری ملی تھی۔

دوسری اننگز میں جنوبی افریقہ نے ایلگر اور ڈومینی کی سنچریوں کی بدولت540رنز بنا کر میزبان ٹیم کو فتح کیلئے 539 رنز کا ہدف دیا تھا۔دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ٹیسٹ 12نومبر سے ہوبارٹ میں کھیلا جائے گا جبکہ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ 24نومبر سے ایڈلیڈ میں کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :