حکومت کسی بھی جماعت کو ملک میں بدامنی پھیلانے٬ شہروں کو لاک ڈائون کرنے اور قومی اداروں پر حملہ آور ہونے کی اجازت نہیں دے گی٬ دانیال عزیز

ہفتہ 5 نومبر 2016 22:15

اسلام آباد ۔ 28 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 نومبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت تحریک انصاف سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کو ملک میں بدامنی پھیلانے٬ شہروں کو لاک ڈائون کرنے اور قومی اداروں پر حملہ آور ہونے کی اجازت نہیں دے گی٬ گذشتہ روز پاکستان ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان دارالحکومت اسلام آباد کے لاک ڈائون کے منصوبے کے دوران اپنی تقاریر میں اپنے کارکنوں اور حمایتیوں کو تشدد٬ انارکی اور اداروں پر حملہ آورہونے کے لیے اکساتے رہے٬ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک میں احتجاج اور افراتفری کی سیاست کر رہی ہے جسے قوم نے مسترد کر دیا ہے٬ پی ٹی آئی کی مقبولیت میں بھی کمی آ رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ اسلام آباد میں احتجاج کے لیے لوگوں کو اکٹھا کرنے میں ناکام رہی ہے٬ رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کارکن اسلام آباد میں احتجاج کے دوران پر تشدد کاروائیوں میں بھی ملوث پائے گئے ہیں٬ پی ٹی آئی کے کارکنوں کے پش اپس میں ملکی سیاست کے لیے کچھ بھی نہیں اور نہ ہی وہ کچھ کر سکتے ہیں٬ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف وزیراعظم محمد نواز شریف کے بیرون ملک کاروبار کے حوالے سے ایسے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگاتی ہے جن کی کوئی حقیقت ہی نہیں٬ عمران خان سمیت جہانگیر ترین اور علیم خان کی بھی آف شور کمپنیاں ہیں اس لیے ان کا بھی تو احتساب ہونا چاہیے٬ دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دائیں بائیں موجود جہانگیر ترین اور علیم خان کئی کرپشن کیسز میں بھی ملوث ہیں٬ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان تو میٹرو بس سروس پر تنقید کرتے ہیں جبکہ ان کی خیبر پختونخواہ کی صوبائی حکومت ایسے ہی منصوبے کو لانچ کرنے کا سوچ رہی ہے٬ عمران خان کے قول و فعل میں تضاد ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ کہتے کچھ ہیں اور کرتے کچھ ہیں۔

متعلقہ عنوان :