کاشتکاروں کو شمسی توانائی سے چلنے والے 30 ہزار ٹیوب ویل لگانے کیلئے سود سے پاک قرضے دیئے جائیں گے

مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی عرفان دولتانہ کا بیان

ہفتہ 5 نومبر 2016 22:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 نومبر2016ء) مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ کاشتکاروں کو شمسی توانائی سے چلنے والے 30 ہزار ٹیوب ویل لگانے کیلئے سود سے پاک قرضے دیئے جائیں گے اور اس ضمن میں ڈیزل اور بجلی پر چلائے جانے والے ٹیوب ویلوں کے مقابلہ میں نمایاں بچت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کسان ایک لاکھ روپے جمع کرائے گا جبکہ 10 لاکھ روپے بینک قرضہ فراہم کرے گا جس کا مارک اپ حکومت ادا کرے گی٬ ایک سولر ٹیوب ویل کی تنصیب پر 11 لاکھ روپے خرچ آتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے اگر زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں تو ان کی شفاف طریقہ سے قرعہ اندازی کی جائے گی٬ اس کے علاوہ کسانوں کیلئے لائف اور کراپ انشورنس کی سہولیات بھی متعارف کرائی گئی ہیں۔ تعمیرات کی صنعت جو 16 دیگر منسلک صنعتوں کو چلاتی ہے اس پر کئی قسم کی ٹیکس رعایتیں دی گئی ہیں اور اس شعبہ کی ترقی اور صنعت کے فروغ کیلئے بجری٬ اینٹوں اور تعمیراتی مشینری پر ٹیکس میں رعایتیں دی گئی ہیں۔ انہوں نے بجٹ میں کئے گئے اقدامات کے بارے میں کہا کہ ان اقدامات کے نتیجہ میں آئندہ مالی سال کے دوران 20تا 25 لاکھ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔