ملک وقوم کوعالمی مالیاتی اداروں کے پاس گروی رکھنے والی قیادت سے قوم مایوس اوران سے مزید کسی خیرکی امیدعبس ہے

ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ٬حسین محنتی کا سیاسی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

ہفتہ 5 نومبر 2016 21:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 نومبر2016ء)جماعت اسلامی سندھ کے امیرڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہاہے کہ ملک وقوم کوعالمی مالیاتی اداروں کے پاس گروی رکھنے والی قیادت سے قوم مایوس اوران سے مزید کسی خیرکی امیدعبس ہے ٬ 26اور27نومبرکوباغ جناح کراچی میں ہونے والا کل سندھ ورکرزکنونشن مایوسی کے ماحول میں امید کی کرن ثابت ہوگاجس میں ہزاروں کارکنان شریک ہوں گے اس موقع پر کارکنان کو آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا۔

چوروں کا احتساب اب ناگزیر ہے اس کے بغیر عام انتخابات بے معنی ہوں گے ٬قوم کی نظریں اب عدالت عظمیٰ پرلگی ہوئی ہیں قومی خزانہ لوٹنے والوں کو نشان عبرت بنا جائے۔جماعت اسلامی کراچی سمیت سندھ میں آئندہ انتخابات میں بھرپورحصہ لے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں جماعت اسلامی سندھ کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس سے صوبائی نائب امیروکمیٹی کے چیئرمین محمد حسین محنتی ٬ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالحفیظ بجارانی نے بھی خطاب کیا۔اجلاس میں سندھ کی سیاسی صورتحال سمیت دیگر تنظیمی امورپر غورکیا گیا۔ڈاکٹرمعراج الہدیٰ نے مزید کہا کہ شہری اوردیہی علاقوں کی نمائندگی دعویداروں عوامی مینڈیٹ کی امیدوں پر پانی پھیردیا ہے٬کراچی تا کشمور اس وقت پوراصوبہ غلاظت وگندگی کا ڈھیر سڑکیں تباہ ہیں۔

عملی کام اورعوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کی بجائے حکمرانوں کا کام صرف خالی دعووں٬کھوکھلے نعروں ٬بیانات اوراربوں روپے کے اشتہارات میڈیا کو جاری کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچانا رہ گیا ہے٬پانامہ لیکس کے انکشافات نے قومی دولت کی لوٹ مارکرنے والوں کوبے نقاب کردیا ہے۔کرپشن کے خلاف سب سے پھلے جماعت اسلامی نے تحریک شروع کی تھی اور اس کو منطقی انجام تک بھی جماعت اسلامی ہی پہنچائے گی۔

سینیٹر سراج الحق ملک کے واحد لیڈر اورکسی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں جس نے سب سے پہلے پانامہ مسئلے پر انصاف کے لیئے عدالت عظمیٰ کے دروزے پر دستک دی اوراسی نے ہی سب سے پھلے اپنے ٹی آروز جمع کروائے ہیں۔نائب امیر وسیاسی کمیٹی کے چیئرمین محمدحسین محنتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت ہی عوام کے مسائل حل اوران کی امیدوں پر پورا اترنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔