فلاح انسانیت فائونڈیشن نے لائنز ایریا میں واٹر پروجیکٹ کی تعمیر مکمل کردی

ہفتہ 5 نومبر 2016 21:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 نومبر2016ء) فلاح انسانیت فائونڈیشن نے لائنز ایریا میں واٹر پروجیکٹ کی تعمیر مکمل کردی٬ جس سے اہل علاقہ پینے کا صاف اور ٹھنڈا پانی حاصل کرسکیں گے۔ افتتاح جماعة الدعوة کراچی کے مسئول ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کیا۔ اس موقع پر ضلعی مسئول مبین صدیقی اور معززین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

مزمل اقبال ہاشمی نے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ صحت پر توجہ دینا وقت کی بڑی ضرورت ہے۔

آلودہ پانی پینے سے حفظان صحت کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ فلاح انسانیت فائونڈیشن رفاہ عامہ کے میدان میں بیک وقت کئی شعبہ جات پر کام کر رہی ہے۔ ہماری ترجیح انسانی جان کی حفاظت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائنز ایریا میں ایف آئی ایف کا واٹر پروجیکٹ اہل محلہ کے لیے بڑی نعمت ثابت ہوگا۔ فلاح انسانیت فائونڈیشن صاف پانی کی فراہمی کے لیے واٹر پروجیکٹ کی تنصیب کا دائرہ مزید وسیع کرے گی۔