تعلیم کے حصول کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ٬گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان

ہفتہ 5 نومبر 2016 21:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 نومبر2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ تعلیم کے حصول کے بغیر ترقی کا خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ہے ٬ قوموں کی ترقی میں تعلیم کا کلیدی کردار رہا ہے٬ انہوں نے کہا ہے کہ تیز ترین ترقی کے لئے عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی نصاب کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے اس ضمن میں حکومت ہر ممکن وسائل بروئے کار لاررہی ہے٬وہ ہفتہ کو گورنر ہا?س میں کراچی انٹر میڈیٹ بورڈکے چیئر مین انعام احمد سے گفتگو کررہے تھے٬ گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ میںزیادہ سے زیادہ تعلیم کو فروغ دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے اس سلسلہ میں وزیر اعلیٰ سندھ بھی مصروف عمل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں ہر ایک کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا حکومت وڑن ہے ٬ معیار تعلیم میں اضافہ سے ہی صوبہ میں تیز ترین ترقی ممکن ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے چیئرمین کراچی انٹر میڈیٹ بورڈ کو ہدایت کی کہ انٹر میڈیٹ بورڈ میں جدید اصلاحات اور نتائج کی شفافیت کے لئے موئثر اقدامات اٹھائیں جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹر میڈیٹ بورڈ میں کمپیوٹرائزڈ نظام ’’ ون کلک‘‘متعارف کرایا جائے تاکہ طلبہ کو فوری سہولت میسر آسکے۔

کراچی انٹر میڈیٹ بور ڈ کے چیئر مین انعام احمد نے گورنر سندھ کو بورڈ میں کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گورنر سندھ کی ہدایت کے مطابق انٹر میڈیٹ بورڈ میں اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا٬ تاکہ طالب علموں کو بہتر سہولیات کی فراہمی امتحانات کے انعقاد کے ساتھ ساتھ امتحانات کے بر وقت انعقاد اور نتائج کے اعلان کو جلد از جلد یقینی بنایا جاسکے۔