شیخ زید ہسپتال میں ایچ آئی وی مریضوں کیلئے سنٹر کا افتتاح کر دیا گیا

ہفتہ 5 نومبر 2016 21:02

رحیم یار خان۔5 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 نومبر2016ء)شیخ زید ہسپتال رحیم یارخان کے ڈائیلائسز سنٹر میں ایچ آئی وی سنٹر کا افتتاح پرنسپل شیخ زید ہسپتال پروفیسرمحمد طارق نے کیا٬ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر تسنیم کامران انچارج نیفرالوجی اور ڈائیلاسز ڈاکٹر عابد حسین اور ڈاکٹر شبیرعالم بھی موجودتھے۔ اس موقع پر ڈاکٹرعابد حسین نے بتایا کہ یہ سنٹر پورے بہاولپور ڈویژن کے مریضوں کو ڈائیلاسز کی سہولت فراہم کرے گا۔

ایچ آئی وی کے مریضوں کا بالکل فری ڈائیلاسز کیاجائیگا اس کے ساتھ ساتھ لواحقین کو ایچ آئی وی بارے میں آگاہی دی جائیگی اوراس بیماری کے دوسروں میں منتقل ہونے کی وجہ کے بارے میں بھی بتایا جائیگا اس کے علاوہ ان مریضوں کو علاج کے بارے میں بھی ترغیب دی جائیگی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عابد حسین نے مزید بتایاکہ ڈائیلاسز روم کے وہ مریض جن کو ایڈز بھی ہے ان کے لیے یہ نئی مشین ایک نعمت سے کم نہیں کیونکہ پہلے مریضوں کو بہاولپور اور ملتان جانا پڑتاتھااور یہ ایک تکلیف دہ مرحلہ تھااب یہ سہولت شیخ زید ہسپتال میں بھی میسر ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ شیخ زید ہسپتال میں ایڈزکے مریضوں جو گردوں کی بیماری میں بھی مبتلاء ہیں تین ڈائیلاسز روز کئے جاتے ہیں جبکہ ساٹھ مریضوں کے جن کے گردے انتہائی خراب ہیں انکے روزانہ ڈائیلاسز کئے جارہے ہیں۔اسکے علاوہ گردے کے وہ مریض جن کے گردے ختم ہیں اور ساتھ ہیپاٹائٹس سی ہے انکے لیے الگ سے مشین ہے جہاں ان کے ڈائیلاسز کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شیخ زید ہسپتال میں اب گردے کے مریضوں کے لیے ہرقسم کی سہولت موجود ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر محمدالیاس٬ ودیگر موجودتھے۔