دھرنے ختم ہوئے کئی روز بیت گئے لیکن شہباز شریف کے دماغ پر ابھی تک خوف سوار ہے

ْ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید کا وزیر اعلیٰ پنجاب کے بیان پرردعمل

ہفتہ 5 نومبر 2016 20:48

لاہور /اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 نومبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے رہنما اور صوبائی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے کہاہے کہ دھرنے ختم ہوئے کئی روز بیت گئے لیکن شہباز شریف کے دماغ پر ابھی تک خوف سوار ہے ٬وزیر اعلیٰ کو حقیقی خوف پکڑے جانے کا ہے۔ وہ ہفتہ کو وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے بیان پر ردعمل ظاہرکررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی ترقی کے دعووں سے ہر باخبر شہری پناہ مانگتا ہے۔

(جاری ہے)

قائداعظم سولر پارک, رنگ برنگی ٹیکسیاں, قومی وسائل پھونکنے والے تندور, جنگلا بس سروس اور نندی پور سمیت لاتعداد ڈرامے شہباز شریف کے نامہ اعمال کا حصہ ہیں۔ترقی کے نام پر قومی خزانے کی لوٹ مار کے علاوہ دوسرا کوئی مقصد ہے نہ ہی ہدف۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف 6 ماہ ایک سال اور دوسال میں بجلی کا بحران ختم کرنے کے جھوٹے دعوے کرتے رہے ہیں۔ لیکن انہوں نے بجلی کا بحران ختم کیا نہ ہی اعلان کے مطابق اپنا نام تبدیل کیا۔انکی حرکتوں کے باعث عوام میں "شوباز شریف" "ڈرامہ شریف" اور "نندی پور شریف" جیسے نام انتہائی مقبولیت حاصل کر رہے ہیں۔