کراچی میں دہشت گرد ایک مرتبہ پھر قتل وغارت گری کرکے امن وامان کی صورتحال خراب کرنا چاہتے ہیں٬کراچی جوکہ ملکی شہ رگ ہے اس میں بدامنی کا مقصد پورے ملک کی معیشت کونقصان پہنچانا ہے

مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر کا بیان

ہفتہ 5 نومبر 2016 19:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 نومبر2016ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ کراچی میں دہشت گرد ایک مرتبہ پھر قتل وغارت گری کرکے امن وامان کی صورتحال خراب کرنا چاہتے ہیں٬کراچی جوکہ ملکی شہ رگ ہے اس میں بدامنی کا مقصد پورے ملک کی معیشت کونقصان پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ فورسز نے کراچی میںکافی حد تک امن قائم کرلیا تھا لیکن پھر ایک منصوبہ بندی کے تحت ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کی وارداتیں شروع ہوگئی ہیں جس سے کراچی پھر بدامنی کی لپیٹ میں آگیا ہے۔

اس صورتحال سے عام شہری متاثر ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک دشمن قوتیں کراچی کی معیشت کوتباہ کرکے پاکستان کو نقصان پہنچاناچاہتی ہیں۔ ان قوتوں کے پیچھے بیرونی قوتوں کا ہاتھ ہے۔

(جاری ہے)

لہٰذا اسٹیبلشمنٹ اور اداروں کو دیکھنا ہوگا کہ سیاسی اور قوم پرستوں میں چھپے وہ دہشت گرد جو بیرونی قوتوں کے اشاروں پر وقفے وقفے سے حالات خراب کرتے ہیں انہیں گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے٬ کیونکہ جب تک کراچی میں مکمل اور پائیدار امن نہیں ہوگا اس وقت تک ملک کی معیشت میں استحکام نہیں آسکتا۔

کراچی میں کی جانے والی دہشت گردی کے محرکات صرف یہ ہیں کہ یہاں بدامنی کے ذریعے کاروبار کو تباہ کیاجائے تاکہ ملک کا 70فیصد ریونیو دینے والا یہ شہر مفلوج ہوکر رہ جائے اور اس کے براہ راست اثرات ملکی تعمیر وترقی پرپڑیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں بین الاقوامی قوتیں مختلف سیاسی او رقوم پرست تنظیموں میں موجود دہشت گردوں پر فنڈنگ کرکے کبھی قومیت کے نام پر اور کبھی مذہب و فرقہ واریت کے نام پر بدامنی کروارہی ہیں٬لیکن صوبائی حکومت اس تمام صورتحال میں اپنا موثر کردار ادا کرنے میں ناکام ہوچکی ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ شعبدہ بازی کے علاوہ کچھ نہیں کرپارہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :