آئیڈیاز ایکسپو-2016 کے سلسلے میں بلدیہ شرقی میں انتظامات تیزی سے جاری

ایکسپوسینٹر کے اطراف درختوں کی ٹریمنگ ٬24 گھنٹے سوئپنگ ٬ لائیٹس کی درستگی ‘ سڑکوں کی استرکاری کیلئے اقدامات

ہفتہ 5 نومبر 2016 19:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 نومبر2016ء)چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے ایکسپو سینٹرکے انچارج کے ہمراہ آئیڈیاز ایکسپو 2016 کے حوالے سے بلدیاتی انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا٬ تفصیلات کے مطابق آئیڈیاز ایکسپو2016 کے حوالے سے میونسپل سروسز کی فراہمی کیلئے اقدامات تیزی سے جاری ہیں جس میںایکسپو سینٹرکے اطراف خصوصی صفائی مہم٬ بالخصوص یونیورسٹی روڈ و اطراف میں روڈ کارپیٹنگ٬ جھاڑیوں کی کٹائی ٬ گرین بیلٹ میں لگے پودوں و درختوں کی ٹر منگ ٬ نئے پودوں کی آرائش٬ رنگ و روغن و تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جارہا ہے ٬ اس موقع پر چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے ایس ای ایسٹ شفیق الرحمن ٬ ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ نفیس احمد خان و اعجاز شیخ کے ہمراہ ایکسپو سینٹر کے اطراف جاری اقدامات کا تفصیلی معائنہ کیا٬ واضح رہے کہ آئیڈیاز ایکسپو 2016 میں 350 سے زائد ممالک کے سفیر و وفد شرکت کریں گے ٬ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ کارپوریشن٬ سٹی کارپوریشن کے ساتھ مل کر بہترین بلدیاتی سروسز یقینی بنائیں گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئیڈیاز ایکسپو 2016 کے سلسلے میں انتظامات کے حوالے سے تمام اقدامات کویقینی بنارہے ہیں٬ انہوں نے کہا کہ انتظامات کو قبل از وقت مکمل کرنے کیلئے لائحہ عمل پر عمل درآمد کا آغاز کردیا ہے٬ جبکہ محکمہ سالڈویسٹ اور پارکس کو ہدایت کی کہ وہ یونیورسٹی روڈ کے اطراف سر سبزوصاف ستھرے ماحول کے قیام اور فٹ پاتھ پر رنگ روغن یقینی بنانے کیلئے مزیداقدمات کریں گے۔