سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی زیر حراست٬تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل

ہفتہ 5 نومبر 2016 19:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 نومبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کے گھر پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چھاپہ مارا اور انہیں حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے نیو رضویہ سوسائٹی میں واقع ان کے گھر کی آدھے گھنٹے تک تلاشی لی جس کے بعد فیصل رضا عابدی کو حراست میں لے لیا گیا۔

فیصل رضا عابدی کے گھر سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔حراست میں لیے جانے کے بعد فیصل رضا عابدی کو تحقیقات کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا اور کسی بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے نے ان کی گرفتاری کو ظاہر نہیں کیا۔واضح رہے کہ فیصل رضا عابدی نے پیپلز پارٹی سے اختلافات کی وجہ سے 2014 میں سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

(جاری ہے)

ایک وقت میں فیصل رضا عابدی کو سابق صدر آصف علی زرداری کا معتمد خاص سمجھا جاتا تھا تاہم بار بار مارشل لائ کی حمایت میں بیان دینے پر انہیں پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہرایا گیا تھا۔

اس کے علاوہ وہ عدلیہ کے خلاف بھی بیان دیتے رہے اور سینیٹ کے اجلاس کے دوران انہوں نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سے استعفے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے ان کے عدلیہ مخالف بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا تھا جبکہ عدلیہ کے خلاف پریس کانفرنس کرنے پر فیصل رضا عابدی کو 2012 میں پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی سے فارغ کردیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :