سرگودھا٬ حکومت کا تمام ٹوور آپریٹر کمپنیوں کو امسال حج کوٹہ نہ دینے کا فیصلہ

کوٹہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق دیا جائے گا

ہفتہ 5 نومبر 2016 19:25

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 نومبر2016ء) حکومت نے تمام ٹوور آپریٹر کمپنیوں کو امسال حج کوٹہ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے٬ کوٹہ سپریم کورٹ کی دی گئی ہدایات کے مطابق دیا جائے گا٬ تمام ٹوور آپریٹر کمپنیاں سعودی عرب٬ پاکستان میں معاہدے نہ کرے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت مذہبی امور کی جانب سے تمام ٹوور آپریٹر کمپنیوں کو تحریری طور پر آگاہ کیا ہے کہ آئندہ سال 2017 پر حج کوٹہ کی تقسیم سپریم کورٹ کی جانب سے دی جانے والی ہدایات کی روشنی میں ہی کی جائے گی٬ لہٰذا کوئی بھی ٹوور آپریٹر کمپنی اندرون ملک و سعودی عرب میں کسی قسم کے معاہدے نہ کرے٬ اگر وہ معاہدے کرنا چاہتے ہیں تو حکومتی ہدایات کو مد نظر رکھیں۔

(جاری ہے)

ٹوور آپریٹر کمپنیوں کے ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور نے تحریری طور پر امسال حج کے کوٹہ کی تقسیم کا نیا طریقہ کار وضع کرنا ہے کیونکہ عرصہ دراز سے متعدد ٹریول کمپنیوں کو کوٹہ نہیں دیا جا رہا تھا جنہوں نے عدالت عظمیٰ سے رجوع کیا تھا جس کے بعد عدالت عظمیٰ نے وزارت مذہبی امورکو پابند کیا تھا کہ وہ حج کوٹہ تقسیم پر فوری طور پر نظر ثانی کرے جس پر وزارت مذہبی امور نے تحریری طور پر اپنا جواب عدالت عظمیٰ میں جمع کروایا تھا اور نئی پالیسی جمع کروائی تھی اور کہا تھا کہ 2017 کے حج کے موقع پر حج کوٹہ کی تقسیم کو عدالت عظمیٰ کی ہدایات کی روشنی میں تقسیم کیا جائے گا٬ اس ضمن میں تمام ٹوور آپریٹر کمپنیوں کو تحریری طور پر قبل از وقت آگاہ کیا ہے کہ وہ سعودی عرب میں بلڈنگیں٬ ٹرانسپورٹ اور دیگر امور کے معاہدوں سے قبل نئی پالیسی کا انتظار کریں تا کہ کسی بھی ٹوور آپریٹر کمپنی کو آنے والے وقت میں مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :