نجی میڈیکل کالجز میں داخلے پی ایم ڈی سی کی پالیسی کے تحت ہو ںگے ‘پانچ ارکان پر مشتمل پراونشل ایڈمیشن کمیٹی تشکیل دے دی گئی

ہفتہ 5 نومبر 2016 19:17

لاہور۔5 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 نومبر2016ء) صوبہ کے نجی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں داخلے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی منظور شدہ پالیسی کے تحت اوپن میرٹ کی بنیاد پر کئے جائیں گے٬ پنجاب پی ایم ڈی سی کی پالیسی پر عملدرآمد کرنے والا پہلا صوبہ ہے جس پر فوری طور پر عملدرآمد کیاجائے گا٬ نئی پالیسی پر عملدرآمد کے تحت صوبے کے پرائیویٹ میڈیکل کالجز کے لئے حکومت نے فیس بھی مقرر کر دی ہے اوراب کوئی بھی کالج مقرر کردہ فیس سے زیادہ رقم کسی بھی نام سے وصول نہیں کر سکے گا٬ مذکورہ فیس طلبا وطالبات کالج کے آن لائن بینک اکائونٹ میں جمع کرائیں گے -مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاہے کہ وزیراعلی محمد شہبازشریف کی ہدایت کے مطابق نجی میڈیکل کالجز میں داخلے کے لئے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام انٹرنس ٹیسٹ کا طریقہ کار لاگوہوگا اور کسی بھی نجی میڈیکل کالج کا طلبا کے داخلے سے براہ راست تعلق نہیں ہوگا-انہوںنے کہاکہ میرٹ لسٹ داخلہ کے لئے امتحان لینے والی یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر آویزاں کی جائے گی اس پالیسی سے ہونہار اور قابل طلبا کو ان کا حق ملے گا جس سے نجی شعبہ میں بھی میڈیکل کی تعلیم کے معیار میں بہتری آئے گی-خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب ہر سطح پر او ر ہر شعبے میں میرٹ او رشفافیت کو فروغ دے رہے ہیںاو راسی پالیسی کے تحت حکومت پنجاب نے پی ایم ڈی سی کو سفارشات پیش کی تھیں او رکونسل سے ان سفارشات کو اپنی پالیسی میں شامل کرنے کے لئے کہا تھا- انہوںنے بتایاکہ نجی میڈیکل کالجز میں داخلوں کے لئے پراونشنل ایڈمیشن کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے -سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب کی سربراہی میں قائم کی گئی کمیٹی میں امتحان لینے والی یونیورسٹی کے وا ئس چانسلر ٬ ایک پرنسپل ا و رپی ایم ڈی سی کے دوممبران اس کمیٹی میں شامل ہو ں گی-سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے صوبے میں سرکاری میڈیکل کالجز میں داخلے خالصتا میرٹ کی بنیاد پر کرنے کا آغاز کیا تھا جس کے بعد ٹیچنگ ہسپتالوں میں پوسٹ گریجوایٹ ٹرینی ڈاکٹرز کی انڈکشن میرٹ کی بنیاد پر آن لائن کرنے کا نظام نہایت کامیابی سے متعارف کروایا ہے - ان کا کہنا تھا کہ اب نجی میڈیکل کالجز میں اوپن میرٹ کی بنیاد پر داخلوں کی پالیسی پر عملدرآمد کر کے صوبائی حکومت نے ایک او رسنگ میل عبور کرلیا ہے - نجم احمد شاہ نے بتایا کہ جلد ہی صوبے میں نرسنگ کے امتحانی سسٹم کو بھی جدید خطوط پر استوار کر دیا جائیگا۔