سپریم کورٹ میں پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کے خلاف درخواست دائر

کوئی بھی مخالف اس طرح عدلیہ کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال کر سکتا ہے٬ درخواست گزار

ہفتہ 5 نومبر 2016 19:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 نومبر2016ء) سپریم کورٹ میں پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے کمیشن بنانے کے خلاف درخواست دائر کردی گئی ۔ سپریم کورٹ میں بیرسٹر ظفراللہ خان کی جانب سے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے کمیشن بنانے کے خلاف درخواست دائرکردی گئی۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ چیف جسٹس کمیشن بنانے کی حکومتی درخواست پہلے ہی رد کرچکا ہے٬ چیف جسٹس نے حکومت کو معاملے کی تحقیقات کے لئے قانون سازی کی تجویز دی تھی٬ انکوائری کمیشن بل 2016 پارلیمنٹ میں زیر التوا ہے تو ایسے میں عدالت پارلیمنٹ کے اختیار میں مداخلت کیسے کر سکتی ہے۔

درخواست گزارکی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ پارلیمنٹ تمام اداروں کی ماں ہے اور عدالتیں بھی پارلیمنٹ کے قوانین پر عمل درآمد کی پابند ہیں٬ عدالت معاملہ کی تحقیقات کے لیے ٹی او آرز بنانے کی مجاز نہیں۔ بیرسٹر ظفر اللہ نے کہا کہ کسی سیاسی خاندان کا تنازع عدالت کا اختیار سماعت نہیں جب کہ کوئی بھی مخالف اس طرح عدلیہ کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔