اتحاد ایئر ویز نے اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز کیلئے نئی موبائل ایپلیکیشن متعارف کرادی

سفر کرنے والے مسافروں کودوران سفر مزید آسانی میسر آسکے گی ٬نئی موبائل ایپ استعمال میں نہایت سادہ اور تفریح سے بھرپور ہے

ہفتہ 5 نومبر 2016 18:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 نومبر2016ء) متحدہ عرب امارات کی قومی فضائی کمپنی اتحاد ایئر ویز نے اپنی ڈیجیٹل سروس کو وسعت دیتے ہوئے اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز کیلئے نئی موبائل ایپلیکیشن متعارف کرادی ہے جس کے بعد اتحاد ایئر سے سفر کرنے والے مسافروں کودوران سفر مزید آسانی میسر آسکے گی۔یہ نئی موبائل ایپ استعمال میں نہایت سادہ اور تفریح سے بھرپور ہے اور اس میں مربوط ٹرپ مینجمنٹ اور گیسٹ کو تمام ضروری معلومات فراہم کی گئی ہیں۔

مسافر اب اس ایپ کے ذریعے اپنے سفر کی پلاننگ کرسکتے ہیں ٬اس ایپ میں فلائٹ بکنگ٬چیک ان فار فلائٹس٬ موبائل بورڈنگ پاس کا حصول٬فلائٹس کی آمد و رفت سے متعلق معلومات اور اتحاد گیسٹ مائلس بیلنس دیکھنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے ٬اس ایپ کی اضافی خصوصیات میں فلائٹ سرچ فنکشن٬ادائیگی کیلئے کریڈٹ کارڈ ا سکینر٬چیک ان کیلئے پاسپورٹ اسکین کی سہولت اور فلائٹ سیٹس میپ بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اتحاد ایئر ویز کے وائس پریزیڈنٹ ڈائریکٹ سیلز Justin Warby, کا کہنا ہے کہ یہ ہماری تخلیقاتی حکمت عملی کا ایک اور اگلا قدم ہے اور ہمارے اس اقدام سے ہمارے مسافر ڈیجیٹل سفری سہولیات میں اضافہ محسوس کرسکیں گے٬اس ایپ کی تیاری میں اتحاد ایئر ویز کے مسافروں کے فیڈ بیک نے اہم کردار ادا کیا ٬اتحاد ایئر ویز نے حال ہی میں ابوظہبی ایئر پورٹ کی شراکت سے آئی فونز کیلئے iOS ایپلیکیشن متعارف کرائی تھی جس میں ابوظہبی انٹر نیشنل ایئر پورٹ کے اندرونی نقشے فراہم کئے گئے تھے٬یہ مشرق وسطیٰ میں اپنی نوعیت کی پہلی ایپ تھی اور رواں برس اپریل میں لانچنگ کے بعد سے اب تک اس ایپ کو ساڑھے تین لاکھ کی تعداد میں ڈاؤن لوڈ کیا جاچکا ہے جبکہ اس ایپ کی مدد سے 25ہزار بکنگ اور 1لاکھ30ہزار چیک ان کئے جاچکے ہیں۔

اتحاد ایئر ویز کے ہیڈ آف ٹیکنالوجی اینڈ انوویشن Khawla Ali Albadi, کا کہنا ہے کہ iOS ایپ کی کامیابی کے بعد یہ ہماری ایک اور کاوش ہے اور ہمیں امید ہے کہ اس ایپ سے ہمارے اسمارٹ فونز استعمال کرنے والے مسافروں کو ایک نئے تجربے کا احساس ہوگا٬یہ نئی ایپ گوگل پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے ٬اتحاد ایئر سے سفر کرنے والے مسافر30نومبر 2016سے قبل اس ایپ سے بکنگ پر پرومو کوڈ ژANDROID10س کے استعمال پر10فیصد کی رعایت کے ساتھ ساتھ 250مائلز پوائنٹس حاصل کرسکیں گے۔

متعلقہ عنوان :