لاڑکانہ ٬جاری ترقیاتی کاموں کی سست رفتاری شہریوں کیلئے وبال جان بن گئی

ہفتہ 5 نومبر 2016 17:44

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 نومبر2016ء) لاڑکانہ شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کی سست رفتاری شہریوں کے لیے وبال جان بن چکی ہے٬ شہر کے لاہوری محلہ اور شیخ زید اسپتال کے مرکزی راستوں پر سڑکوں کو وسیع کرنے اور رائیس کینال پر اوو فلائی برج کی تعمیر کا ترقیاتی کام کرنے کے لیے جگہ جگہ کھڈے کھودے گئے ہیں جس کے باعث ہر وقت ٹریفک جام رہتی ہے٬ انتظامیہ کی جانب سے کوئی متبادل راستوں اور جگہ کا مناسب تعین نہ کرنے کے باعث رکشے اور موٹرسائیکل سوار فوٹ پاتھ کو بھی گاڑیوں کو استعمال کرنے لگے ہیں۔

(جاری ہے)

جس سے پیدل چلنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ان علاقوں میں خواتین اور بچوں کے اسپتال بھی قائم ہیں جہاں مریضوں کو لے جانے میں دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک ہی وقت میں کئی کئی سڑکوں کا کام کرنے سے تمام شہری مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں۔ ٹریفک جام رہنے سے مریض اور بچے اسپتالوں اور اسکولوں میں وقت پر نہیں پہنچ سکتے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ترقیاتی کام جلد مکمل کروائے جائیں اور اس وقت متبادل راستے فراہم کیے جائیں۔