لاڑکانہ میں ایچ آئی وی میں مبتلا ایک اور مریض چانڈکا اسپتال میں دم توڑگیا

ہفتہ 5 نومبر 2016 17:44

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 نومبر2016ء) لاڑکانہ میں ایچ آئی وی میں مبتلا ایک اور مریض چانڈکا اسپتال میں دم توڑگیا٬ رواں سال ایچ آئی وی میں مبتلا جان بحق ہونے والے مریضوں کی تعداد 13 ہوگئی٬ ایچ آئی وی کے پھیلاؤ میں ذمہ دار قرار دینے والے غیرقانونی بلڈ بینکس اور لیباریٹریز کے خلاف مؤثر کاروائی نہ ہوسکی٬ ضلعی انتظامیہ نے اتائی ڈاکٹروں کے خلاف کریک ڈاؤں کرتے ہوئے چالیس کلینکس سیل کردیئے۔

تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے چانڈکا اسپتال میں ایچ آئی وی میں مبتلا 30 سالہ مریض زاہد خاصخیلی دم توڑگیا ہے٬ جان بحق مریض کو گذشتہ روز شعبہ میڈیکل یونٹ ٹو میں تشویشناک حالت میں داخل کروایا گیا تھا۔ واقعے کے بعد مریض کی لاش شہدادکوٹ کی تحصیل وارہ منتقل کی گئی اس واقعے کے بعد رواں سال ایچ آئی وی میں مبتلا جان بحق مریضوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے جبکہ مجموعی طور پر اس وقت تک ایچ آئی وی میں مبتلا 114 مریض لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

(جاری ہے)

لاڑکانہ میں ایچ آئی وی کے رجسٹرڈ مریضوں کی مجموعی تعداد 1400 تک جا پہنچی ہے۔ ادہر محکمہ صحت کی جانب سے ایچ آئی وی کے تیزی سے پھیلاؤ میں غیرقانونی لیبارٹریز٬ بلڈ بینکس اور اتائی ڈاکٹروں کی کلینکس کو ذمہ دار قرار دیا گیا تھا جس کے بعد صرف تین غیرقانونی بلڈ بینکس اور لیبارٹریز کو سیل کردیا گیا تھا جبکہ مزید کاروائی اچانک روک دی گئی جس کے بعد مؤثر کاروائی نہ ہوسکی۔ ادہر ضلعی انتظامیہ نے اتائی ڈاکٹروں کے خلاف کریک ڈاؤں کرتے ہوئے ضلع بھر میں 40 کلینکس سیل کردیئے ہیں۔