پاکستان میں تخریبی کاروائیوں میں بھارتی سفارتکاروں کے ملوث ہونے پر مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

ہفتہ 5 نومبر 2016 16:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 نومبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے پاکستان میں تخریبی کاروائیوں میں بھارتی سفارتکاروں کے نیٹ ورک پکڑے جانے پر ایک مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کا یہ مقدس ایوان پاکستان میں تخریبی کاروائیوں میں بھارتی سفارتکاروں کے نیٹ ورک پکڑے جانے کی پُر زور مذمت کرتا ہے پاکستانی قوم میں بھارت کے اس رویے پر گہری تشویش پائی جاتی ہے بھارت خطے میں امن کو کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہا ہے حکومت پاکستان اس معاملے کو بین الاقوامی فورم پر موثر انداز میں اُٹھائے تاکہ بھارت کا اصل چہرہ اقوام عالم پر آشکار ہو سکے۔

(جاری ہے)

مزید برآں انہوں نے حکومت پاکستان کو خارجہ امور میں ناکامی پر سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی خارجہ پالیسی کہیں نظر نہیں آ رہی۔ جبکہ بھارت قصور وار ہوتے ہوئے بھی پاکستان کو سفارتی محاز پر ناکام بنانے میں کامیاب نظر آتا ہے۔ حکومت پاکستان فلفور وزیر خارجہ مقرر کر کے عالمی سطح پر بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے لائے۔