شعبہ نفسیات یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام ذہنی صحت کا ہفتہ منایا گیا

ہفتہ 5 نومبر 2016 15:02

سرگودھا۔5نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 نومبر2016ء)شعبہ نفسیات یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام ’’ذہنی صحت کا ہفتہ‘‘ منایا گیا۔ اس سلسلہ میں یونیورسٹی ایم بی اے ہال میں خصوصی تقریب ہوئی ۔ تقریب کی صدارت چیئرمین شعبہ سوشیالوجی پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین کی جبکہ ڈین فیکلٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد ظہورالحسن ڈوگر ٬ڈین فیکلٹی آف سائنس پروفیسر ڈاکٹر ناظرہ بھی موجود تھیںجبکہ رجسٹرار یونیورسٹی آف سرگودھا مدثر کامران مہمانِ اعزاز تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین نے کہا کہ دورِ حاضر میں خود ساختہ مصروفیات اور ہر کام میں جدّت اور تیزی کے باعث ذہنی بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے ہمیں جلدچھٹکارا پانا چاہیے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ اسلامی اصولوں کی پاسداری اور خوش اخلاقی نفسیاتی دبائو اور ٹینشن سے بچائو کا بہترین علاج ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈین فیکلٹی آف سائنس پروفیسر ڈاکٹر ناظرہ سلطانہ نے کہا کہ جو اقوام دیگر مسائل کے ساتھ نفسیاتی مسائل پر توجہ دیتی ہیں وہ یقینی طور پر صحت مند اقوام کہلاتی ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈین فیکلٹی آف ہیلتھ اینڈ میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد ظہورالحسن ڈوگر نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں ذہنی مسائل کا بڑھنا ایک المیہ ہے جن سے نجات پانے کے لئے ایک خاص حکمت عملی کی ضرورت ہے ۔تقریب سے سرگودھا میدیکل کالج کے ماہر نفسیات اور استاد ڈاکٹر ذوالقرنین ٬چیئرپرسن نفسیات ڈاکٹر نجمہ منصور ملک نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ریذیڈنٹ آفیسر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان ٬ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر محمد سرور اور انچارج تعلقاتِ عامہ ومطبوعات ڈاکٹر اعجاز رسول نورکا بھی موجود تھے۔