پاکستان خطے میں امن اور سلامتی کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا٬ وزیراعظم محمد نواز شریف ایشیاء کے خطے میں امن اور استحکام کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں٬امریکہ میں تعینات پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی کی ویمن فارن پالیسی گروپ سے گفتگو

جمعہ 4 نومبر 2016 23:23

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 نومبر2016ء) امریکہ میں تعینات پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہاہے کہ پاکستان خطے میں امن اور سلامتی کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا٬ وزیراعظم محمد نواز شریف ایشیاء کے خطے میں امن اور استحکام کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکہ میں ویمن فارن پالیسی گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

موصول ہونے والے بیان کے مطابق واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانہ میں ایک عشائیہ کا اہتمام کیا گیا جس میں ویمن فارن پالیسی گروپ کی ارکان٬ سماجی کارکنوں٬ خواتین رہنمائوں اور سفارتکاروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ تین سال کے دوران جمہوریت میں استحکام٬ آزاد عدلیہ اور آزاد میڈیا کے باعث پاکستانی معاشرے میں واضح تبدیلی آئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بعض امور پر اختلاف رائے کے باوجود پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی٬ معاشی استحکام٬ ترقی٬ انسانی حقوق کے تحفظ اور عالمی قوانین کے احترام٬ علاقائی امن کیلئے امریکہ اور پاکستان پر عزم اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون پر متفق ہیں۔ جلیل عباس جیلانی نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط ہوتے رہے ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک مشکل حالات میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ رہے ہیں۔ دونوں ملک عالمی امن اور سلامتی کیلئے پرعزم ہیں اور اس سلسلے میں بھرپورتعاون کو پروان چڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے ویمن فارن پالیسی گروپ کو بتایا کہ پاکستان میں خواتین کے حقوق کیلئے گزشتہ تین سالوں کے دوران قانون سازی کی گئی ہے جو پاکستانی معاشرے کی ترقی پسندانہ سوچ کی عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی جانب سے سرحدی علاقوں میں ملٹری آپریشن کے شاندار نتائج حاصل ہوئے ہیں جس کے ذریعے ملک میں دہشتگردی کا تقریباً خاتمہ کر دیا گیا ے٬ دہشتگرد اور شدت پسند گروپوں کا نیٹ ورک ختم کر دیا گیا ہے اور ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے٬ ملک میں دہشتگردی کم ہونے کے باعث تجارتی اور سرمایہ کاری کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے٬ پاکستان اپنے ہمسایوں کے ساتھ امن کے ساتھ رہنے کی پالیسی پر گامزن ہے اور تمام پڑوسیوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کا خواہشمند ہے٬ تمام تصفیہ طلب مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے۔