کوہاٹ چیمبر کو بلڈنگ کی تعمیر میں تعاون کریں گے٬ خالد اقبال ملک

کوہاٹ چیمبر آف کامرس کو اپنی عمارت کی تعمیر کیلئے زمین الاٹ کی جائے - ٬انجینئر سید فائق شاہ

جمعہ 4 نومبر 2016 16:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 نومبر2016ء) کوہاٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سید فائق شاہ نے ایک وفد کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوہاٹ چیمبر دسمبر 2013میں قائم کیا گیا تھا لیکن ابھی تک اس کو اپنی عمارت تعمیر کرنے کیلئے زمین الاٹ نہیں کی گئی جس وجہ سے ادارے کو تاجر برادری کی بہتر خدمت کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

انہوں نے خیبر پختونخواہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ جلد کوہاٹ چیمبر کو زمین الاٹ کرے تا کہ اپنا مستقل دفتر قائم کر کے علاقے کی تاجر برادری کے مفادات کا بہتر تحفظ کیا جا سکے۔ انجینئر سید فائق شاہ نے کہا کہ کوہاٹ میں امن و امان کی صورت حال بہت اچھی ہے اور تاجر وصنعتکار برادری کو اس بنا پر کسی قسم کی کوئی پریشانی کا سامنا نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوہاٹ میں تیل و گیس کے کافی ذخائر پائے جاتے ہیں اور علاقے میں95فیصد ڈریلنگ کامیاب رہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوہاٹ میں کوئلہ کے بھی وافر ذخائر موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کیلئے نئی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوہاٹ میں ٹیکسٹائل٬ سیمنٹ٬ فلور ملنگ٬ قالین سازی اورمعدنیات سمیت دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے عمدہ مواقع موجود ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر علاقوں کے سرمایہ کارکوہاٹ کا دورہ کرکے دلچسپی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔

انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کو بھی کوہاٹ چیمبر کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ وفد میں کوہاٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر ملک محمد اقبال٬ نذر خٹک٬ ملک محمد اسد خان٬ رشید احمد پراچہ٬ محمد جنید اور دیگر شامل تھے۔وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے کہا کہ کوہاٹ چیمبر زمین کے حصول کیلئے کوششیں تیز کرے جبکہ اسلام آباد چیمبر ان کو بلڈنگ کی تعمیر کیلئے معاونت کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اس خطے میں ایک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کیلئے کوششیں کر رہا ہے تا کہ علاقے میں صنعتی سرگرمیوں کو مزید بہتر فروغ ملے۔ انہوں نے کہا کہ کوہاٹ کے صنعتکاروں کو بھی نئی انڈسٹریل اسٹیٹ میں صنعتیں لگانے کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر کوہاٹ چیمبر کو اپنا ایک مضبوط سیکرٹریٹ قائم کرنے میں بھی ضروری تعاون فراہم کرے گا تا کہ چیمبر علاقے کی تاجر وصنعتکار برادری کی بہتر خدمت کی جا سکے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خالد ملک٬ نائب صدر طاہر ایوب٬ فائونڈر گروپ کے چیئرمین خالد جاوید٬ ٬ فیڈریشن کے نائب صدر ظفر بختاوری٬ چیمبر کے سابق صدور میاں شوکت مسعود اور محمد اعجاز عباسی سمیت دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہا رکیا اور کوہاٹ چیمبر آف کامرس کو اپنے امور بہتر طریقے سے چلانے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔۔

متعلقہ عنوان :