کاشتکارمونگ پھلی کی برداشت کے لیے موزوں وقت کا انتخاب کریں٬ زرعی ماہرین

جمعہ 4 نومبر 2016 16:54

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 نومبر2016ء) ڈاکٹر محمد طارق ڈائریکٹر بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ چکوال نے مونگ پھلی کے کاشتکاروں کوہدایت کی ہے کہ وہ مونگ پھلی کی برداشت کے لیے موزوں وقت کا انتخاب کریں۔ اگیتی برداشت کی صورت میں کچی پھلیوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے جو کہ پیداوار میں کمی کا باعث بنتی ہیں جبکہ تاخیر سے برداشت کے نتیجہ میں پھلیوں کا رنگ سیاہ ہو جاتا ہے جس سے مونگ پھلی کے معیار پر برا اثر پڑتا ہے اور منڈی میں قیمت بھی کم ملتی ہے۔

اس کے علاوہ زیادہ تعداد میں پھلیاں زمین میں ہی رہ جاتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مونگ پھلی کی جدید اقسام تقریباً 6 ماہ میں پک کر تیار ہو جاتی ہیں جب فصل کے پتے خشک ہو کر گرنا شروع ہو جائیں تو کھیت کے مختلف حصوں سے پودے اکھاڑ کر دیکھ لیں اگر پھلیوں کے چھلکوں کا اندرونی حصہ گہرے بھورے رنگ اور گری کا رنگ گلابی ہو جائے تو فصل پکی ہوئی تصور کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اگر 75 سے 80 فیصد تک پھلیاں پکی ہوئی ہوں تو فصل برداشت کیلئے تیار ہے۔مونگ پھلی کی برداشت اگر ٹریکٹر ڈگر کی مدد سے کی جائے تو فصل کا ضیاع کم اور پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے۔اگر ٹریکٹر ڈگر دستیاب نہ ہو تو کسّی یا کسولہ کی مدد سے پودوں کو اکھاڑ لیں اور پھلیاں علیحدہ کر لیں۔ زمین پر بکھر جانے والی پھلیوں کو بھی جلداز جلد اکٹھا کر لیں تاکہ نمی وغیرہ کی مدد سے رنگت متاثر نہ ہو۔

انہوں نے مزید بتایا ہے کہ پھلیوں کو خشک کرنے کیلئے کم از کم ایک ہفتہ کیلئے صاف ستھری اور سخت جگہ پر دھوپ میں بکھیر دیں۔ پھلیوں کو ڈھیریوں کی شکل میں رکھنے سے بھی ان کی رنگت متاثر ہوتی ہے۔ بارش٬ نمی اور شبنم وغیرہ سے پھلیوں کی حفاظت کریں کیونکہ ان کی وجہ سے کوالٹی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ جن پھلیوں کو ذخیرہ کرنا ہو انہیں مزید اچھی طرح خشک کرنے کے بعد صاف ستھری پٹ سن یا کپڑے کی بوریوں میں بھر کر خشک٬ ہوادار اور صاف ستھرے گوداموں میں ذخیرہ کر لیں۔