حکومت کی آٹو پالیسی کے مثبت اثرات ٬ دو غیر ملکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ لگائیں گی٬میاں زاہد

فرانسیسی کمپنی کے پاکستان میں کاریں بنانے سے جاپانی کمپنیوں کی مناپلی ختم ہو جائے گی٬صدر کراچی انڈسٹریل الائنس

جمعہ 4 نومبر 2016 16:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 نومبر2016ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ٬بزنس مین پینل کے سینیئر وائس چیئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی آٹو پالیسی کے مثبت اثرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔مارچ میں اعلان کردہ آٹو پالیسی کے بعد گاڑیاں بنانے والے دو بین الاقوامی کمپنیوں رینالٹ اور نسان نے پاکستان میں پیداوار شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے مارکیٹ میں مسابقت بڑھے گی اور تین موجودہ کمپنیوں ٹویوٹا٬ ہنڈا اور سوزوکی کے ساتھ ساتھ دوسری معیاری گاڑیاں بھی دستیاب ہو سکیںگی جس کا فائدہ عوام کو ہو گاجنہیں یورپ کی جدید ٹیکنالوجی کے حامل گاڑیاں ملیںگی۔

میاں زاہد حسین نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان میں کاریں بنانے والی تینوں کمپنیاں عوام سے اپنی مصنوعات کی بھاری قیمت وصول کر رہی ہیں جبکہ نئی ٹیکنالوجی کے بجائے پرانی ٹیکنالوجی سے کام چلایا جا رہا ہے جس سے ایندھن زیادہ استعمال ہوتا ہے جبکہ آلودگی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

ان کاروں کے ڈیزائن میں آرام اور سیفٹی کا زیادہ خیال نہیں رکھا گیا ہے جس سے حادثات کی صورت میں عوام کا زیادہ جانی اور مالی نقصان ہوتا ہے۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ1899 میں قائم کی گئی فرانسیسی کمپنی رینالٹ کم قیمت میں بہتر گاڑیاں فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جو 2018 تک مارکیٹ میں دستیاب ہوگی اور اسکی قیمت موجودہ دستیاب ماڈلز سے کافی کم ہو گی جبکہ ایندھن کا خرچ کم اورسیکورٹی وجدت اسکا امتیاز ہو گا۔اس سے مارکیٹ میں اجارہ داری رکھنے والے برانڈز کو بھی اپنی مصنوعات کی قیمت کم اور معیار بہتر بنانا پڑے گا۔

مقامی کمپنیاں سالانہ ڈھائی لاکھ سے زیادہ گاڑیاں فروخت کر رہی ہیں اور منافع کمانے کے باوجود انھیں جدید بنانے کے لیئے اخراجات کرنے سے کترا رہی ہیں جسکی وجہ سے درآمد شدہ کاروں کی طلب بڑھ رہی ہے۔ دو سال قبل بتیس ہزار سے زیادہ جبکہ ایک سال قبل تریپن ہزار سے زیادہ کاریں قانونی طریقے سے برآمد کی گئی ہیں جوپاکستان کی اقتصادی خوشحالی اور استحکام کا ثبوت ہے ۔

متعلقہ عنوان :