پاکستان ورکرزکنفیڈریشن بلوچستان کا گڈانی میں بحری جہاز میں آگ لگنے کے نتیجے میں زخمی و جاں بحق افراد کیلئے اظہار افسوس

جمعہ 4 نومبر 2016 16:29

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 نومبر2016ء) پاکستان ورکرزکنفیڈریشن بلوچستان(رجسٹرڈ) کے رہنمائوں محمد رمضان اچکزئی٬ خان زمان٬ ضیا الرحمن ساسولی٬ بشیر احمد رند٬حاجی عزیزاللہ٬ عبدالمعروف آزاد اور عابد بٹ نے ایک مشترکہ اخباری بیان کے ذریعے گزشتہ دنوںگڈانی کے مقام پر بحری جہاز میں آگ لگنے کے نتیجے میں20 ورکرز کے جاں بحق ہونے اور کئی کارکنوں کے زخمی ہونے کے واقعے پرانتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ان کے لواحقین کیلئے صبر کی دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ واقع کرمنل غفلت کا ہے اس واقعے کے ذمہ داروں کو نہ صرف ملازمتوں سے فارغ ہونا چاہیے بلکہ ان کے خلاف مقدمہ بھی درج ہونا چاہیے۔انہوں نے اس واقعے کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے میں شہید اہلکاروں کے لواحقین کو ایک ایک کروڑ روپے اور زخمیوں کو ان کے زخموں کے مطابق معاوضہ ادا کیا جائے اور ان کے بچوں کے تعلیمی اخراجات اور ان کی سرکاری ملازمت کی ذمہ داری حکومت ادا کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان اس بات کا نوٹس لیں کہ صوبے میں فعال وزیرمحنت ہو٬ محکمہ محنت محکمہ زحمت نہ ہو ٬ کارکنوں کی رجسٹریشن کی جائے اورانہیں ورکرز ویلفیئر فنڈ٬ اولڈ ایج بینیفٹ٬ سوشل سیکورٹی سمیت تمام فلاحی اسکیموں سے فوائد حاصل کرنے کی سہولتیں ہوں۔انہوں نے کہا کہ پورے صوبے میں محنت کشوں کی حالت بدسے بد تر ہورہی ہے اور محنت کشوں کو ان کے حقوق حاصل نہیںہورہے ہیں۔