کھیوڑہ نمک کی کان اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطاکردہ تحفہ اوررب کریم کی نعمتوں کا نمونہ ہے٬نمک کی کان کے اندر سیر کے دوران سورة الرحمٰن کی تلاوت چلائی جائے تاکہ آنے والے سیاحوں میں رب کریم کی عطا کردہ نعمتوں پر ایمان مزید پختہ ہو سکے‘پی ٹی ڈی سی راک سالٹ فیسیٹول طرز کے فیسٹیول کا انعقاد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے٬منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹوررازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن چوہدری عبدالغفور کی کھیوڑہ سالٹ مائنز کے دورے کے دوران گفتگو

جمعہ 4 نومبر 2016 16:16

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 نومبر2016ء) منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹوررازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) چوہدری عبدالغفور نے کہا ہے کہ کھیوڑہ نمک کی کان اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطاکردہ تحفہ اوررب کریم کی نعمتوں کا نمونہ ہے٬نمک کی کان کے اندر سیر کے دوران سورة الرحمٰن کی تلاوت چلائی جائے تاکہ آنے والے سیاحوں میں رب کریم کی عطا کردہ نعمتوں پر ایمان مزید پختہ ہو سکے‘پی ٹی ڈی سی راک سالٹ فیسیٹول طرز کے فیسٹیول کا انعقاد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔

وہ کھیوڑہ سالٹ مائنز کے دورے کے دوران اسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان چوہدری ایم اشرف اور کھیوڑہ کے انتظامیہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے ۔ایم ڈی پی ٹی ڈی سی نے کہا کہ کھیوڑہ میں نمک کی کان پاکستان کی معدنیات کا بیش بہا سر ما یہ ہونے کے ساتھ سیاحت کے فروغ کا بہترین ذریعہ اور موقع ہیں‘ یہاں کے نمک سے تیار کردہ مصنوعات دنیا بھر میں مشہور ہیں‘ دنیا کے اس عجوبہ روزگارکو دیکھنے لوگ جوق در جوق آتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں سیاحوں کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں لیکن اس برس کے آغازمیں مقامی انتظامیہ کے منعقد کردہ پہلے راک سالٹ فیسٹول کے باعث اس علاقے کی سیاحت کو فروغ ملا ہے اور سیاحوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیاہے۔انہوں نے کہاکہ مستقبل قریب میں پی ٹی ڈی سی اسی قسم کے فیسٹول کے انعقاد کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس کے علاوہ علاقے میں سیاحتی معلوماتی مرکز کا قیام بھی زیر غور ہے۔ جس سے نہ صرف کھیوڑہ بلکہ گردو نواح میں واقع ٹلہ جوگیاں اور کٹاس راج مندر کے سیاحوں کیلئے بھی سہولیات ہو گی۔ چوہدری عبد الغفور خان نے مائنز انتظامیہ سے کہا کہ کان میں صفائی اور روشنی کا مناسب انتظام کرنے اور سیاحوں کی رہائشی سہولیات کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زوردیا ۔

متعلقہ عنوان :