ٹیوٹا 12ماسٹر ٹرینرز کوسولر پی وی ٹیکنالوجی میں 45روزہ ایڈوانس تربیت حاصل کرنے کیلئے جرمنی بھجوائے گی

ٹیوٹا اور پیکا کے مابین باقاعدہ معاہدہ طے ٬چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹاجواد احمد قریشی اور منیجنگ ڈائریکٹر پیکا محمد قاسم کھوکھر نے دستخط کیے

جمعہ 4 نومبر 2016 16:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 نومبر2016ء) ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا)٬پیکا توانائی ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کے تعاون سے 12ماسٹر ٹرینرز کوسولر پی وی ٹیکنالوجی میں 45روزہ ایڈوانس تربیت حاصل کرنے کیلئے جرمنی بھجوائے گی٬ اس سلسلے میں ٹیوٹا اور پیکا کے مابین باقاعدہ معاہدہ طے پا گیا جس پرچیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹاجواد احمد قریشی اور منیجنگ ڈائریکٹر پیکا محمد قاسم کھوکھر نے دستخط کر دئیے۔

اس موقع پرچیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ٬ سیکرٹری انرجی اسد رحمان گیلانی٬ ٹیوٹا افسران اختر عباس بھروانہ٬ عامر عزیز٬ اظہر اقبال شاد٬عمر فاروق٬ عائشہ قاضی٬ وحید اصغر٬ سرفراز انور اور دیگر بھی موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیوٹا کے ماسٹر ٹرینرز کو ہیسن انسٹی ٹیوٹ جرمنی میں جدید تربیت حاصل کرنے کیلئے آئندہ ماہ بھیجا جا ئے گا۔

(جاری ہے)

ماسٹر ٹرینرز کی بیرون ملک تربیت کیلئے پیکا اخراجات برداشت کرے گی۔ماسٹر ٹرینرزکی جدید تربیت ٹیوٹا اداروں کے ٹریننگ حاصل کرنے والے نوجوانوںکیلئے فائدہ مند ثابت ہوگی۔ کامیاب تربیت کے بعد ٹیوٹا کے مزید اساتذہ کو یورپ تربیت کیلئے بھجوایا جائے گا۔چیئر پرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ ٹیوٹاسالانہ3ہزارنوجوانوںکوفری سولر فوٹو وولٹیک سسٹم برائے پاور جنریشن کورس میں مفت تربیت فراہم کر رہی ہے۔

یہ کورس17 شہروںلاہور ٬ فیصل آباد٬ گجرات٬ گوجرانوالہ٬ ساہیوال٬ شیخوپورہ٬ قصور٬ ٹیکسلا٬ چکوال٬ سرگودھا٬ اٹک٬ بہاولپور ٬ ملتان٬ رحیم یار خان٬ بہاولنگر٬ خانیوال اور مظفر گڑھ میںواقع ٹیوٹا اداروں میں شروع ہے۔اس کورس میں داخلہ لینے والوں سے کوئی فیس وصول نہیںکی جارہی ہے جبکہ دوران ٹریننگ ایک ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جا رہا ہے۔ اس کورس میں میٹرک یا مڈل بمع الیکٹریشن کورس داخلہ لینے کے اہل ہیں ۔یہ کورس حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق شروع کیا گیا ہے تاکہ اس کورس کے ذریعے شمسی توانائی کو صوبہ بھر میں فروغ دیا جائے۔تربیت حاصل کرنے والے سولر ٹیکنالوجی کے فروغ میںکردار ادا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :