ْکھادوں کی مقررہ نرخوں پر فروخت کیلئے ضلعی و تحصیل سطح پر مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں

جمعہ 4 نومبر 2016 12:42

فیصل آباد۔4نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 نومبر2016ء) فیصل آباد میں رجسٹرڈ کھادڈیلروں کی تعداد 178 اور مائیکرو نیو ٹرنٹس کی تعداد 25 ہو گئی ہے جبکہ کھادوں کی مقررہ نرخوں پر فروخت کیلئے سٹاک پوزیشن حاصل کرنے سمیت ضلعی و تحصیل سطح پر مانیٹرنگ ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں جو اپنی موجودگی میں کھاد کی مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنائیں گی۔

محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ وزیر اعظم پاکستان کے کسان پیکج پر عملدرآمد کے سلسلہ میں حکومت پنجاب نے بعض کھادوں کی قیمتوں پر سبسڈی فراہم کی ہے لہٰذا اس ضمن میں کھادوں کی رعایتی نرخوں پر فروخت کویقینی بنایا جائیگا تاکہ حکومتی اقدامات کے ثمرات براہ راست کاشتکاروں تک پہنچ سکیں۔انہوں نے بتایا کہ اضافی قیمتوں پر کھاد فروخت کرنے والوں کے خلاف فرٹیلائزر کنٹرول ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ کھادوں کی دکانوں پر سٹاک رجسٹرڈ٬کیش میمو کا مکمل ریکارڈ بھی مرتب کیاجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی سطح پر مانیٹرنگ کمیٹی کے چیئرمین ڈی سی او ہونگے جبکہ تحصیل سطح پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کھادوں کی مقررہ قیمتوں پر عملدرآمد کومانیٹر کریں گے ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ زراعت نے رواں سال چھاپوں کے دوران مختلف اقسام کی کھادیں فروخت کرنے والے ڈیلرز کی دکانوں سے 169 نمونے حاصل کئے جن میں سے 13فیل ہوئے اور27افراد کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے ۔انہوں نے کہا کہ کھادوں کی دکانوں پر تمام تر ریکارڈ اپ ٹوڈیٹ رکھا جائیگاتاکہ کاشتکاروں کو کھاد کی رعایتی قیمتوں پرخرید میں کوئی مسئلہ درپیش نہ ۱ٓسکے۔